کشمیر کے ہندواڑہ میں مسجد کی تعمیر نو کے دوران دھماکہ، 3 افراد زخمی

Wait 5 sec.

 شمالی کشمیر کے لنگیٹ، ہندواڑہ میں پیر کو ایک پرانی مسجد کا ڈھانچہ گرا کر نئی مسجد کی تعمیر جانے کے دوران پُر اسرار طور پر دھماکہ ہو گیا جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک شخص کو سنگین حالت میں جی ایم سی ہندواڑہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے دھماکہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔’دینک جاگرن‘ کی خبر کے مطابق متعلقہ پولیس افسروں نے بتایا کہ لنگیٹ میں ایک پرانی مسجد کو گرا کر اس کے مقام پر نئی مسجد کی تعمیر ہونی ہے۔ آج صبح جب پرانی مسجد کے ڈھانچے کو منہدم کیا جا رہا تھا تو اچانک وہاں ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس میں تین لوگ زخمی ہو گئے جن کی پہچان مدثر احمد میر (نتونسا)، غلام احمد تانترے (کاچری) اور اویس احمد (ہدی پورہ) کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعہ کی نوٹس لیتے ہوئے جانچ شروع کر دی ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ واقعہ کے بعد لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق لنگیٹ کبھی جنگجوؤں کے اثر والا علاقہ تھا، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہاں پر کسی نے کوئی گرینیڈ یا دیگر کوئی دھماکہ خیز اشیا چھپا کر رکھ  دی ہوگی جو اب مسجد کی تعمیر کے دوران دھماکہ ہو گیا۔