احمد آباد طیارہ حادثہ: کرکٹ کی دنیا غمزدہ، اسٹار کھلاڑیوں نے کیا افسوس کا اظہار

Wait 5 sec.

احمد آباد سے لندن گیٹوک جا رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-171 جمعرات کے روز یعنی کل دوپہر 1:38 پر ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارہ میگھانی نگر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ اس میں سوار 242 میں سے 241 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں کئی غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔ حادثہ پر عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت متعدد مایہ ناز کرکٹروں نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں لکھا، ’’یہ بہت ہی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔‘‘ہاردک پانڈیا نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’’احمد آباد میں پیش آئے حادثے کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا اور حوصلے کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘یوراج سنگھ نے لکھا، ’’احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی افسوسناک خبر۔ متاثرہ مسافروں، عملے اور ان کے خاندانوں سے تعزیت اور دعا۔ خدا انہیں اس کٹھن وقت سے گزرنے کی طاقت دے۔‘‘یوسف پٹھان نے لکھا، ’’احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب احمد آباد-لندن ایئر انڈیا پرواز کے حادثے کی خبر سن کر بہت ششدر ہوں۔ تمام مسافروں اور عملے کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘عرفان پٹھان نے لکھا، ’’آج احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے سے دل بہت غمزدہ ہے۔ مسافروں، عملے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘‘سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دیموتھ کرونارتنے نے لکھا، ’’احمد آباد سے لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے افسوسناک حادثے سے متاثر تمام افراد کے لیے دعا گو ہوں۔ سب کو سکون نصیب ہو۔‘‘شیکھر دھون نے لکھا، ’’میگھانی کے قریب پیش آئے حادثے سے متاثر ہر شخص سے دلی ہمدردی ہے۔ ان کے عزیزوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت ملے، یہی دعا ہے۔‘‘سریش رینہ نے لکھا، ’’احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کی خبر سن کر شدید صدمے میں ہوں۔ اس حادثے میں جان گنوانے والے تمام افراد کے لیے میری دلی دعائیں۔ متاثرہ خاندانوں کو غم سہنے کی طاقت ملے، یہی خواہش ہے۔ ہم سب اس دکھ کی گھڑی میں ایک ساتھ ہیں۔‘‘خیال رہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز اےآئی-171، جو 242 مسافروں کو لے کر احمد آباد سے لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ جا رہی تھی، جمعرات کو دوپہر 1:38 بجے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ جہاز میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی سمیت 169 ہندوستانی، 53 برطانوی، 1 کینیڈین اور 7 پرتگالی شہری سوار تھے۔