نیٹ یو جی 2025 کے امیدواروں سے فراڈ، سی بی آئی نے ٹھگی کے دو ملزمان کو کیا گرفتار

Wait 5 sec.

ممبئی: نیٹ یو جی 2025 کے نتائج سامنے آنے سے پہلے ہی اس میں دھوکہ دہی اور فراڈ کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے امتحان میں نمبر بڑھانے کا جھانسہ دے کر والدین سے لاکھوں روپے بٹورنے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق، ان ملزمان نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ساتھ تعلقات کا جھوٹا دعویٰ کر کے والدین کو گمراہ کیا اور ہر امیدوار سے 90 لاکھ روپے کی مانگ کی، جسے بعد میں 87.5 لاکھ روپے تک کم کر دیا گیا۔سی بی آئی کو اطلاع ملی تھی کہ ایک ملزم ممبئی کے پریل علاقے کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل ’آئی ٹی سی گرینڈ سینٹرل‘ میں والدین سے ملاقات کر رہا ہے۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی نے 9 جون کو مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم مہاراشٹر کے سولاپور کا رہنے والا ہے جبکہ دوسرا ملزم نوی ممبئی میں ایک داخلہ مشاورتی ادارہ چلاتا ہے۔ ان دونوں کا ایک اور ساتھی بھی پونے میں اسی نوعیت کا کام کرتا ہے۔سی بی آئی نے ملزمان کے موبائل فونز کی فارنسک جانچ کی، جس میں امیدواروں کے رول نمبر، ایڈمٹ کارڈز، او ایم آر شیٹس اور غیر قانونی لین دین کے شواہد ملے۔ ان شواہد سے یہ ثابت ہوا کہ ملزمان نے نہ صرف والدین کو جھوٹی یقین دہانی کرائی بلکہ ہُنڈی یا حوالہ نیٹ ورک کے ذریعے رقوم وصول کرنے کی بھی کوشش کی۔مرکزی ملزم کو 9 جون کو ممبئی سے اور اس کے ساتھی کو 10 جون کو مہاراشٹر کے سانگلی ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں کو ممبئی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طور پر 13 جون تک پولیس حراست میں بھیجا گیا۔ بعد ازاں، عدالت نے ان کی حراست 16 جون 2025 تک بڑھا دی۔سی بی آئی نے واضح کیا ہے کہ اب تک کی تفتیش میں این ٹی اے یا کسی بھی سرکاری افسر کی شمولیت کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ ملزمان نے صرف این ٹی اے کے نام کا غلط استعمال کر کے والدین کو دھوکہ دیا۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ وہ دیگر ممکنہ ملزمان کی تلاش میں بھی مصروف ہے اور جلد ہی ان کے خلاف بھی کارروائی کرے گی۔سی بی آئی نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی شخص یا ادارے کے جھانسے میں نہ آئیں جو امتحانی نتائج میں رد و بدل کا وعدہ کرے۔ یہ واقعہ تعلیم کے شعبے میں بڑھتی ہوئی جعلسازی کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے اور ایجنسی ایسے عناصر کو سخت سزا دلوانے کے لیے پرعزم ہے۔