تہران : ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے درجنوں میزائل داغ دیئے، حملوں میں اسرائیل کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن گونج اٹھے۔ ایرانی میزائلوں کو اردن میں روکا جارہا ہے۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اسرائیلی حیفا بندرگاہ ،اشکلون اور اوروٹ پاور پلانٹس پر حملے کرے گا۔ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی جوابی حملوں میں اہم اہداف کو ہٹ کیا گیا، ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو نہ روک سکا۔ ،اسرائیلی فوج نے لوگوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دے دیا، ایران کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی حکومت نے شہریوں کیلیے الرٹ جاری کردیا ہے، اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایت دی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تمام شہری محفوظ مقامات کے قریب رہیں اور شہری اگلے نوٹس تک پناہ گاہوں سے دور نہ جائیں۔مزید پڑھیں : ایران کا اسرائیل کے خلاف بہت جلد بڑی کارروائی کا فیصلہاس سے قبل ایک بیان میں ایرانی حکومت کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کی نئی لہرشروع کر دی ہے، اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے کئی شہروں میں ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک کردیا گیا۔غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جارہی ہیں، تہران، بندرعباس ،تبریز، اصفہان، ہرمزگان، کرمانشاہ، مغربی آذربائیجان پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے۔