بے روزگاری کے خلاف کانگریس کا محاذ، 12 جون کو بہار کے تمام 38 اضلاع میں مظاہرہ

Wait 5 sec.

پٹنہ: بہار میں نوجوانوں کو روزگار نہ ملنے کے خلاف کانگریس پارٹی نے ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام نے کہا ہے کہ 12 جون (کل) کو بہار کے تمام 38 اضلاع میں ضلع روزگار دفاتر کے سامنے مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ حکومت کو نوجوانوں کی ناراضگی کا احساس دلایا جا سکے۔انہوں نے الزام لگایا کہ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نوجوانوں کے مستقبل اور خوابوں کو کچلنے پر تلی ہوئی ہے۔ راجیش رام نے کہا، ’’بہار حکومت نہ تو مستقل ملازمت دے پا رہی ہے اور نہ ہی محفوظ روزگار یا عوامی سہولیات مہیا کر رہی ہے۔ اب اسے عوامی غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘انہوں نے ریاست اور مرکز کی ڈبل انجن حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بہار میں پانچ لاکھ سے زائد سرکاری اسامیاں خالی ہیں، لیکن کوئی باقاعدہ بھرتی نہیں ہو رہی۔ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لیے بے روزگار بیٹھے ہیں۔ جب بھرتی ہی نہیں ہو رہی تو روزگار رجسٹریشن کا کیا فائدہ؟‘‘راجیش رام نے حکومت سے سوال کیا کہ اگر نوجوانوں کو مواقع نہیں دیے جا رہے تو روزگار دفاتر کیوں چلائے جا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہر مسابقتی امتحان میں پرچہ لیک ہونا معمول بن چکا ہے اور حکومت صرف نمائشی کارروائیاں کر رہی ہے۔ ہر سال لگ بھگ چار کروڑ بہاری نوجوان بہتر روزگار کی تلاش میں دوسرے ریاستوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ساڑھے چار لاکھ ہوم گارڈ اور کنٹریکٹ اساتذہ بھی حکومت کی بے حسی کا شکار ہیں۔کانگریس صدر نے تمام بے روزگار نوجوانوں اور مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 12 جون کو ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت کو نوجوانوں کی اصل حالت کا احساس ہو سکے۔