راجہ رگھوونشی قتل کیس: سونم اور دیگر چار ملزمان کو آج شیلانگ کورٹ میں کیا جائے گا پیش

Wait 5 sec.

راجہ رگھوونشی قتل کیس میں پولیس تفتیش کا دائرہ مزید وسیع ہو چکا ہے۔ مرکزی ملزمہ سونم رگھوونشی کو گواہاٹی ایئرپورٹ سے شیلانگ لا کر میڈیکل جانچ کرائی گئی، جس کے بعد آج اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس سونم کی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے درخواست کرے گی۔ سونم کو شیلانگ کے صدر اسپتال تھانے پہنچایا گیا، جہاں سے اسے میڈیکل معائنے کے لیے گنیش اسپتال لے جایا گیا۔’آج تک‘ کی خبر میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا کہ سونم کا میڈیکل چیک اپ دو گھنٹے جاری رہا اور شام ساڑھے تین بجے وہ دوبارہ تھانے واپس لائی گئی۔ آج صبح 10 بجے کے بعد کسی بھی وقت اسے شیلانگ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قتل کیس میں ملوث چار دیگر ملزمان — راج کُشواہا، وشال عرف وکی، آنند کُرمی اور آکاش راجپوت کو بھی آج شیلانگ پہنچایا جا رہا ہے، جہاں میڈیکل جانچ کے بعد انہیں بھی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان سب کی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ قتل کی سازش اور اس کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ ملزمان کو کل رات اندور سے دہلی، پھر دہلی سے گواہاٹی لایا گیا، جہاں سے پولیس کی 12 رکنی خصوصی ٹیم نے انہیں سخت سیکورٹی میں شیلانگ لے جانے کی تیاری کی۔قتل کے بعد سونم کو پہلے لاپتہ بتایا جا رہا تھا لیکن تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ 25 سے 27 مئی تک اندور کے دیواس ناکہ علاقے میں ایک فلیٹ میں چھپی رہی، جس کے بعد وہ فرار ہو گئی۔ بعد میں وہ اتر پردیش کے غازی پور ضلع پہنچی، جہاں اس نے نندگنج تھانے میں خودسپردگی کی۔پولیس تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ سونم اور راج کُشواہا نے راجہ رگھوونشی کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔ راج خود میگھالیہ نہیں گیا تاکہ اس پر شک نہ ہو لیکن اس نے اپنے تین ساتھیوں کو وہاں بھیجا جنہوں نے مبینہ طور پر قتل کو انجام دیا۔ ایک مقامی ٹور گائیڈ نے تین اجنبی لڑکوں کو راجہ اور سونم کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا تھا اور بعد میں تصاویر کے ذریعے ایک کی شناخت بھی کر لی گئی۔اندور پولیس نے وشال چوپان کے گھر سے وہ کپڑے برآمد کیے ہیں جو اس نے مبینہ طور پر قتل کے وقت پہنے تھے۔ ان کپڑوں کو فورینزک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ خون کے دھبوں کی تصدیق ہو سکے۔ اب شیلانگ میں پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس ان کی ریمانڈ کی درخواست کرے گی، تاکہ تفتیش کو مزید مضبوط بنیاد پر آگے بڑھایا جا سکے۔