ہندوستان-نیوزی لینڈ سیریز کے شیڈول کا اعلان، وڈودرا میں 11 جنوری کو پہلا یک روزہ مقابلہ

Wait 5 sec.

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے نیوزی لینڈ کے ہندوستان دورے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اگلے سال 2026 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف 3 ونڈے اور 5 میچ کی ٹی-20 سیریز کھیلنے کے لیے یہاں آئے گی۔ مارچ 2025 میں ہوئے چمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد یہ دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔نیوزی لینڈ کے ہندوستان دورے کا آغاز 11 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے یک روزہ مقابلے سے ہوگا جبکہ اختتام 31 جنوری کو آخری ٹی-20 مقابلے سے ہوگا۔ ٹی-20 عالمی کپ 2026 کو دیکھتے ہوئے ٹی-20 سیریز دونوں ٹیموں کے لیے کافی اہم ہے۔ 2026 فروری-مارچ میں ہندوستان اور سری لنکا مل کر ٹی-20 عالمی کپ کی میزبانی کرنے والے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ہندوستان دورہ کے دوران سبھی کی نگاہیں وراٹ کوہلی اور روہت شرما پر بھی رہنے والی ہے۔ حالانکہ یہ دونوں کھلاڑی ٹی-20 اور ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں لیکن ونڈے سیریز میں اپنا جلوہ دکھاتے رہیں گے۔ امید ہے کہ وراٹ اور روہت  نیوزی لینڈ کے خلاف یک روزہ میچوں کی سیریز میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ونڈے کی میزبانی وڈودرا کو ملی ہے۔ 15 سال بعد اس میدان پر مردوں کا کوئی میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ نئے بنے کوٹامبی اسٹیدیم میں ہوگا، یہاں پہلے ہی دسمبر 2024 میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان خاتون ونڈے میچوں کی سیریز کا انعقاد ہو چکا ہے۔ ساتھ ہی یہاں ڈبلیو پی ایل-2025 کے 6 میچ ہوئے تھے۔وڈودرا کے میدان نے مردوں کی کرکٹ کے آخری میچ کی میزبانی 2010 میں کی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میچ میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم شامل تھی۔ ٹیم انڈیا کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اس مقابلے میں پلیئر آف دی میچ قرار دیئے گئے تھے، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری بنائی تھی۔وڈودرا کے بعد دونوں ٹیمیں گجرات میں ہی رہیں گی کیونکہ دوسرے ونڈے کی میزبانی راجکوٹ کو ملی ہے، جو 14 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 18 جنوری کو ونڈے سیریز کا آخری میچ اندور میں کھیلا جائے گا۔