دہلی میں میگا جاب فیئر کے لیے کانگریس کی گھر گھر مہم، دیویندر یادو نے خود کیا نوجوانوں کا رجسٹریشن

Wait 5 sec.

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے اتوار کے روز بادلی اسمبلی حلقے کی شردھانند کالونی میں گھر گھر جا کر بے روزگار نوجوانوں سے ملاقات کی، انہیں راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے میگا جاب فیئر کی معلومات فراہم کی اور ان کا موقع پر ہی پُرجوش انداز میں رجسٹریشن بھی کیا۔دیویندر یادو نے نوجوانوں کو بتایا کہ یہ میگا جاب فیئر 19 جون کو تالکٹورا اسٹیڈیم میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں تقریباً 100 کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ان کمپنیوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ادارے شامل ہیں، جو تعلیمی اور فنی قابلیت کی بنیاد پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ جاب فیئر خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو بی جے پی حکومت کی بے حسی اور روزگار کے شعبے میں ناکامی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ کانگریس اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔دیویندر یادو نے بتایا کہ دہلی کی 258 بلاک کانگریس کمیٹیاں اپنے اپنے علاقوں میں کیمپ لگا کر پڑھے لکھے نوجوانوں سے رابطہ کر رہی ہیں۔ ان کی طرف سے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ نوجوانوں سے فارم بھروا کر اُن کی معلومات کمپنیوں تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ ملازمتوں کا عمل شفاف اور مؤثر ہو۔انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ’یوا اڑان یوجنا‘ کے تحت نوجوانوں کو پہلی ملازمت کی ضمانت دی تھی۔ اگرچہ کانگریس اس وقت اقتدار میں نہیں، پھر بھی اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش جاری ہے۔دیویندر یادو نے مزید کہا کہ میگا جاب فیئر دہلی کے غریب اور متوسط طبقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی اور انڈین یوتھ کانگریس کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ فیئر نوجوانوں کو نہ صرف روزگار دے گا بلکہ ان کے مستقبل کو نئی سمت بھی عطا کرے گا۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ضلع اور بلاک سطح کی کانگریس کمیٹیاں انتہائی ذمہ داری کے ساتھ نوجوانوں تک پہنچ رہی ہیں، تاکہ وہ اس مہم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ فیئر نہ صرف ایک پروگرام ہے بلکہ بے روزگاری کے خلاف ایک مضبوط قدم بھی ہے، جو راہل گاندھی کے وژن اور کانگریس کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔