ضمنی انتخابات 2025: سبھی 5 سیٹوں کے نتائج برآمد، طویل عرصہ بعد نیلامبور سیٹ پر کانگریس کی جیت

Wait 5 sec.

گزشتہ 19 جون کو 4 ریاستوں پنجاب، گجرات، مغربی بنگال اور کیرالہ کی 5 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے۔ آج ووٹوں کی گنتی ہوئی اور سبھی سیٹوں کے نتائج برآمد ہو گئے ہیں۔ عآپ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس نے پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر جیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ گجرات کی وساودَر اسمبلی سیٹ کو بھی جیت لیا ہے۔ بی جے پی کے لیے انتخابی نتائج بہت خوش کن نہیں رہے، کیونکہ اس نے پانچوں اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے، لیکن جیت محض گجرات کی کڈی اسمبلی سیٹ پر ملی ہے۔ کانگریس کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس نے طویل عرصہ بعد کیرالہ کی نیلامبور سیٹ پر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔کیرالہ کی نیلامبور اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار آریہ دان شوکت کو 11 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی ملی ہے۔ کیرالہ کی اس سیٹ کو جیتنے کے لیے کانگریس نے کافی محنت کی تھی، اور اس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ پرینکا گاندھی کی انتخابی تشہیر نے بھی اپنا اثر دکھایا اور نیلامبور سیٹ پر طویل عرصہ بعد کانگریس کو جیت نصیب ہوئی۔ آریہ دان شوکت کو 77737 ووٹ حاصل ہوئے ہیں، جبکہ سی پی آئی (ایم) امیدوار ایم. سواراج کو 66660 ووٹ ملے۔ بی جے پی امیدوار ایڈووکیٹ موہن جارج محض 8648 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، اور وہ چوتھے مقام پر رہے۔پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر عآپ امیدوار سنجیو اروڑا شروع میں کانگریس امیدوار بھارت بھوشن آشو سے پیچھے چل رہے تھے، لیکن جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی آگے بڑھی، سنجیو نے سبقت بنا لی۔ انھوں نے کانگریس امیدوار کو 10637 ووٹوں سے شکست دی۔ بی جے پی امیدوار جیون گپتا اس سیٹ پر 20323 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے، جبکہ شرومنی اکالی دل امیدوار کو چوتھا مقام حاصل ہوا۔گجرات کی 2 اسمبلی سیٹوں وساودَر اور کڈی میں انتخابات کرائے گئے تھے، جن میں سے وساودَر میں عآپ اور کڈی (ریزرو) میں بی جے پی کو کامیابی ملی ہے۔ وساودَر میں عآپ امیدوار گوپال اٹالیا نے تقریباً 76 ہزار ووٹ حاصل کر بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو تقریباً 17.5 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس امیدوار نتن رنپریا تقریباً 5.5 ہزار ووٹ حاصل کر تیسرے مقام پر رہے۔ کڈی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر کمار چاؤڈا نے تقریباً ایک لاکھ ووٹ حاصل کر کانگریس امیدوار رمیش بھائی چاؤڈا کو تقریباً 40 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ عآپ امیدوار جگدیش بھائی چاؤڈا نے محض 3090 ووٹ حاصل کیے۔مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ پر ترنمول کانگریس کا دبدبہ برقرار رہا۔ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر اپنا دَم دکھاتے ہوئے کالی گنج سیٹ پر جیت حاصل کر لی ہے۔ ترنمول کانگریس کے الیفہ احمد نے 45 ہزار سے زائد ووٹوں سے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار آشیش گھوش کو شکست فاش دی۔ کانگریس امیدوار کابل الدین شیخ نے اس سیٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔