نئی دہلی: دہلی والوں کے لیے راحت کی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جنوب مغربی مانسون 22 جون تک دہلی میں دستک دے سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ معمول کی تاریخ 30 جون سے آٹھ دن پہلے مانسون کی آمد ہوگی۔آئی ایم ڈی کے مطابق، 20 سے 25 جون کے دوران دہلی، ہریانہ، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش، مشرقی راجستھان، اترپردیش، جموں و کشمیر اور لداخ سمیت شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مانسون کی یہ پیش رفت مغربی بنگال اور گجرات کے اوپر کم دباؤ کے نظام کی وجہ سے تیز ہوئی ہے، جس سے 16 سے 18 جون کے درمیان مانسون نے کافی رفتار پکڑی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون اس سال اپنے معمول کے شیڈول سے پہلے مختلف علاقوں میں پہنچ رہا ہے۔ عام طور پر یہ یکم جون کو کیرالہ، 11 جون تک ممبئی اور 8 جولائی تک پورے ملک کو ڈھانپ لیتا ہے۔ تاہم اس بار کئی علاقوں میں جلد بارش کے امکانات ہیں۔جون کے آغاز سے ہی بارش کی کمی کے باعث دہلی اور دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور لو کا اثر دیکھنے کو ملا۔ 8 اور 9 جون سے شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے بڑے حصوں میں لُو کی شدت میں اضافہ ہوا۔ تاہم اب درجہ حرارت میں کمی آ رہی ہے۔جمعرات کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے پانچ ڈگری کم ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ صبح سوا آٹھ بجے ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد اور شام ساڑھے پانچ بجے 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کے لیے دہلی میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ امکان ہے کہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس کے قریب رہے گا اور کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہوگا۔دوسری جانب دہلی والوں کے لیے خوش آئند خبر یہ ہے کہ مسلسل دوسرے دن بھی یہاں کی ہوا صاف رہی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 89 ریکارڈ کیا گیا جو 'تسلی بخش' زمرے میں آتا ہے۔ یہ گزشتہ آٹھ مہینوں کی سب سے صاف فضا رہی ہے۔واضح رہے کہ اے کیو آئی اگر 0 سے 50 کے درمیان ہو تو 'بہتر'، 51 سے 100 تک 'تسلی بخش'، 101 سے 200 تک 'درمیانہ'، 201 سے 300 تک 'خراب'، 301 سے 400 تک 'انتہائی خراب' اور 401 سے 500 کے درمیان ہو تو 'شدید خراب' قرار دیا جاتا ہے۔