تہران: ایران کے ایٹمی توانائی ادارے نے جوہری سائٹس پر امریکا کے حملوں کی تصدیق کر دی۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایٹمی توانائی ادارہ ایران نے کہا ہے کہ دشمن نے فردو، نطنز اور اصفہان پر جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا ہے، جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔امریکا نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات پر حملے مکمل کیے ہیں جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ فردو پر حملے کے بعد ایک ایرانی عہدت دار کی جانب سے سرکاری طور پر اس حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیاتسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق قم صوبے کے کرائسس مینجمنٹ کے ترجمان مرتضیٰ حیدری نے کہا کہ ’فردو نیوکلیئر سائٹ کے علاقے کے ایک حصے پر فضائی حملہ کیا گیا۔‘ یہ وہی نیوکلیئر سائٹ ہے جس کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل نیٹ ورک سوشل ٹروتھ پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’فردو تباہ ہو گیا ہے۔‘واضح رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے جن تینوں فضائی حملوں کا ذکر کیا گیا ہے ان کی تصدیق ایرانی حکام نے بھی کر دی ہے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ڈپٹی پولیٹیکل ڈائریکٹر حسن عابدینی کا کہنا تھا کہ ایران نے کچھ عرصہ قبل ان تین جوہری تنصیبات کو خالی کرا لیا تھا، جنھیں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب امریکا کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔