رانچی: جھارکھنڈ کے صحت، خوراک کی فراہمی اور قدرتی آفات کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلیوں کے ووٹ تقسیم کر کے سماج کو کمزور کرنا چاہتی ہے لیکن ہم کسی بھی قیمت پر اپنی عزت نفس کو گروی نہیں رکھیں گے۔انہوں نے اپنے ایک سخت بیان میں کہا، ’’ہم نمک روٹی کھالیں گے، ماڑ بھات (چاول) پر گزارہ کر لیں گے، اگر ضرورت پڑی تو بھوکے بھی رہیں گے لیکن بی جے پی جیسے دلالوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔‘‘ڈاکٹر انصاری نے ریاست کے نوجوان قبائلیوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کی چالاکیوں کو پہچانیں اور ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا، "یہ وہی بی جے پی ہے جو آر ایس ایس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے قبائلی شناخت کو مٹانا چاہتی ہے۔ ان کے پاس صرف تین ہتھیار ہیں لالچ، جھوٹے وعدے اور ذات پات کی نفرت۔‘‘وزیر نے سابق بی جے پی حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’18 سال یاد کریں، جب رگھوور داس اور بی جے پی نے جھارکھنڈ کو تباہی کی آگ میں جھونک دیا تھا۔ نہ روزگار ملا، نہ تعلیم، نہ صحت کی سہولت اور نہ ہی قبائلیوں کو ان کا حق۔‘‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی صرف الیکشن کے وقت قبائلیوں کو یاد کرتی ہے، باقی وقت انہیں تقسیم کرنے اور استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ "آج اگر ہم خاموش رہے تو کل ہماری پہچان مٹ جائے گی۔ ہمیں ایک ہو کر لڑنا ہوگا، تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔"ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست کے لیے متعدد فلاحی اسکیمیں شروع کی ہیں اور جھارکھنڈ کی عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا، ’’ہم بی جے پی سے نہ کبھی ڈرے ہیں اور نہ کبھی جھکیں گے۔ ہم نے عوام کی طاقت سے اقتدار حاصل کیا ہے اور عوام کے اعتماد سے ہی بی جے پی کو پھر سے روکیں گے۔ قبائلی عزتِ نفس فروخت کے لیے نہیں، بلکہ ایک لڑاکا جذبہ ہے، جسے ہم ہر حال میں زندہ رکھیں گے۔‘‘وزیر نے اپنے خطاب کا اختتام ان الفاظ پر کیا، ’’ہم جھارکھنڈ کو بی جے پی کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد کرائیں گے، چاہے اس کے لیے کتنی بھی قربانی دینی پڑے۔ عوامی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے اور ہم اسی طاقت سے بی جے پی کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔‘‘(ان پٹ: یو این آئی)