انڈونیشیا کے سوکارنوہٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ شدید موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران لینڈنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق باتک ایئر لائن بوئنگ 737 مسافر طیارہ ایئرپورٹ پر پر لینڈنگ کے دوران اچانک آنے والی تیز ہواؤں کی لپیٹ میں آگیا۔ہوا کے تیز جھونکوں نے مسافر طیارے کو ایک جانب جھکا دیا، جس سے دائیں بازو اور انجن رن وے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گئے۔اس وقت موسم بہت خراب تھا، تیز بارش اور آندھی چل رہی تھی۔ ایسی صورتحال میں لینڈنگ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ بارش کی وجہ سے نظر کم ہو جاتی ہے اور پائلٹ کیلیے جہاز کو سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک جانب جھکاؤ کا شکار ہوا، تاہم پائلٹ کی مہارت اور بروقت ردعمل کے باعث طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا گیا۔ اس موقع پر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعے کے بعد طیارے کی مکمل چیکنگ اور معائنہ کیا گیا تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔باتک ایئر کے ترجمان نے واقعے سے متعلق کہا کہ تمام تر حفاظتی اقدامات و ہدایات پر عمل کیا گیا تھا، اور پائلٹوں نے بھی انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال پر قابو پایا۔واضح رہے کہ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت اتار لیا گیا۔ واقعے کے بعد مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔