بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن آئین اور جمہوریت کے کینسر کی طرح کام کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن بی جے پی کا ’چیئر لیڈر‘ بن چکا ہے۔ اسے جب بہار میں انتخاب کرانا ہے کرائے، ہم لوگ تیار ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اس بار نئی حکومت چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار تھک چکے ہیں، اب وہ ’پکڑؤوا‘ وزیر اعلیٰ ہو چکے ہیں۔ بہار میں کچھ افسران ہیں جو حکومت چلا رہے ہیں، بیوروکریسی اپنے عروج پر ہے۔تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ بہار دورے پر کہا کہ ’’ہر دن کوئی نہ کوئی آئے گا، دہلی انتخاب ختم ہو چکا ہے، ہر کوئی بہار آ رہا ہے۔ ان لوگوں کو بہار اور یہاں کے لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی صرف اقتدار میں بنے رہنے کے لیے آ رہے ہیں۔ انہیں کسی اور چیز سے مطلب نہیں ہے۔ کیا وہ بہار کو کارخانے دینے آ رہے ہیں؟ کیا وہ بہار سے ہجرت کو روکنے آ رہے ہیں؟ وہ صرف اپنے مفاد کے لیے آ رہے ہیں۔‘‘آر جے ڈی لیڈر نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اقتدار پر قابض رہنے کی تکڑم، ڈِیلنگ اور منیجمنٹ کیسے کیا جائے، اس کے لیے بہار آ رہے ہیں۔ کیا یہ مہنگائی، بے روزگاری کو ختم کرنے کے لیے بہار آ رہے ہیں؟‘‘ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے عملی سیاست میں آنے کے چرچے پر کہا کہ سیاست میں ان کے آنے کا استقبال ہے۔ نشانت ہمارا بھائی ہے، میں تو چاہوں گا کہ نشانت اپنا گھر بھی بسائیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ’’شرد یادو کی بنائی پارٹی کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ ہائی جَیک کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ تیجسوی یادو کے مطابق ان کے والد لالو پرساد یادو وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے بھی زیادہ فِٹ ہیں۔ مذکورہ تمام باتوں کے علاوہ تیجسوی یادو نے نامہ نگاروں کے سامنے لالو یادو کے ذریعہ کی گئی ترقیاتی کاموں کا بھی تذکرہ کیا۔