پاکستان کی میزبانی میں جاری چپمئنز ٹرافی 2025 میں 23 فروری کو ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں دبئی میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ اب تمام کرکٹ شائقین کی نگاہیں اسی میچ پر مذکور ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا کوئی بھی میچ کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے فائنل سے کم اہمیت کا حامل نہیں ہوتا ہے۔ میچ کے دوران دونوں ملکوں کے کھلاڑی میدان پر اپنی جان لگا دیتے ہیں اور پوری کوشش کرتے ہیں کے میچ میں جیت حاصل کریں۔ میچ جیتنے کی جدوجہد میں کئی بار ایسا ہوا ہے کہ میدان پر ہی دونوں ملکوں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے لڑ پڑے ہیں۔ آئیے ذیل میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی 5 سب سے بڑی لڑائیوں پر ڈالتے ہیں ایک نظر:1. جب گوتم گمبھیر سے الجھ گئے تھے شاہد آفریدی:یہ واقعہ 2007 میں پیش آیا تھا جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان یک روزہ مقابلہ کھیلا جا رہا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے یووراج سنگھ کریز پر موجود تھے۔ شاہد آفریدی کی گیند پر گوتم گمبھیر نے چوکا لگایا۔ اس کے بعد شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیر پر طنز کسا، گوتم گمبھیر نے بھی جوباً کچھ کہا۔ اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست نوک جھونک دیکھنے کو ملی۔2. باپ باپ ہوتا ہے اور بیٹا بیٹا:یک روزہ ورلڈ کپ 2003 میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ پاکستان کے تیز گیند باز شعیب اختر مسلسل ہندوستانی سلامی بلے باز ویریندر سہواگ کو باؤنسر کر رہے تھے۔ جس کے بعد سہواگ نے شعیب اختر سے کہا کہ اگر تمہارے اندر دم ہے تو سچن تندولکر کو باؤنسر کر کے دکھا۔ اس کے بعد شعیب اختر کے باؤنسر پر سچن تندولکر نے چھکا لگا دیا۔ سچن تندولکر کے چھکا لگانے کے بعد سہواگ نے شعیب اختر سے کہا کہ ’باپ باپ ہوتا ہے اور بیٹا بیٹا۔‘3. ہربھجن سنگھ نے شعیب اختر کو چھکا مار کر ہندوستان کو دلائی فتح:ایشیا کپ 2010 میں ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے کے دوران پاکستان کے تیز گیند باز شعیب اختر ہندوستانی کھلاڑی ہربھجن سنگھ سے الجھ گئے۔ اس وقت ہربھجن سنگھ کریز پر بلے بازی کر رہے تھے۔ دراصل شعیب اختر نے ڈاٹ گیند کے بعد ہربھجن کو اکسایا۔ لیکن اس کے بعد ہربھجن سنگھ نے شعیب اختر کی 2 گیندوں پر پے در پے 2 چھکے لگا کر منہ توڑ جواب دیا۔4. وینکٹیش پرساد نے عامر سہیل سے لیا بدلہ:یک روزہ ورلڈ کپ 1996 میں ہندوستان کے خلاف بنگلور میں عامر سہیل اچھی بلے بازی کر رہے تھے اور رنوں کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم اچھی پوزیشن میں تھی۔ دریں اثنا عامر سہیل نے وینکٹیش پرساد کی ایک گیند پر چوکا لگا کر گیند کی طرف اشارہ کر کے طنز کسا۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر وینکٹیس پرساد نے عامر سہیل کو بولڈ کر کے اپنی بے عزتی کا بدلہ لے لیا۔5. یک روزہ ورلڈ کپ 1992 میں جاوید میاں داد اور کرن مورے الجھے:یک روزہ ورلڈ کپ 1992 میں پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد کریز پر تھے۔ اسی دوران ہندوستانی وکٹ کیپر کرن مورے اور جاوید میاں داد کے درمیان نوک جھونک چلتی رہی، لیکن اچانک سے جاوید میاں داد زور زور سے چھلانگیں مارنے لگے۔ حالانکہ جاوید میاں داد کی اس حرکت کی بعد میں کافی تنقید ہوئی، لیکن آج بھی اس میچ کے نوک جھونک کو ہندوستان-پاکستان میچ کے سب سے یادگار لمحات میں شمار کیا جاتا ہے۔