برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں رمضان المبارک کے موقع پر کیے جا رہے خصوصی انتظامات

Wait 5 sec.

رمضان کا مبارک ماہ بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔ مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک میں بھی رمضان کی تیاریاں زور و شور سے کی جا رہی ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک میں مذہب اسلام کے پیروکار کم و بیش موجود ہیں۔ رمضان کے پیش نظر کہیں آفس کے گھنٹوں میں تخفیف کی جا رہی ہے تو کہیں کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے رمضان کے مبارک موقع پر خاص انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ برطانیہ کے کئی کالجوں میں رمضان کے پیش نظر مسلم طلباء کے لیے افطار اور سحری کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی رمضان کے دوران اپنی تعلیم کو متاثر ہونے سے کیسے بچایا جائے اس کے لیے مشورے بھی دیے جا رہے ہیں۔برطانیہ واقع کیمبرج یونیورسٹی نے رمضان کے موقع پر ایک نوٹس نکال کر مسلم طلباء کو مبارک باد دی اور رمضان کو پاک ماہ قرار دیا۔ یونیورسٹی کی آفیشیل ویب سائٹ پر دی گئی جانکاری کے مطابق روزہ رکھنے والے طلباء کو مفت افطار میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بورن ماؤتھ یونیورسٹی میں بھی ماہِ رمضان میں روزہ رکھنے والے طلباء کے لیے افطار کا انتظام کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی لندن کی سٹی یونیورسٹی نے طلباء کو رمضان کے دوران اپنی تعلیم پر توجہ دینے کے لیے خصوصی ٹپس بھی جاری کی ہیں۔ یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ پر رمضان کا مکمل منصوبہ (پلان) جاری کیا ہے، جس پر عمل کر کے طلباء رمضان کے دوران اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دے سکتے ہیں۔اگر ہم ہندوستان کی بات کریں تو یہاں بھی زیادہ تر کالجوں میں رمضان کے موقع پر طلباء افطار کا انتظام کرتے ہیں اور ایک ساتھ افطار کرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ افطاری میں صرف مسلم طلباء شرکت کرتے ہیں بلکہ غیر مسلم طلباء بھی اس میں کثرت کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں علی گڑھ کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)، حیدرآباد کے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (ایم اے این یو یو) اور دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی (جے ایم آئی) میں رمضان کے دوران تعلیم کے اوقات میں تخفیف کی جاتی ہے اور نماز کی ادائیگی کے لیے خصوصی وقفے بھی دیے جاتے ہیں۔