مغربی بنگال کے اُتر 24 پرگنہ ضلع کے مناکھاں علاقے میں ہفتہ کی شام باراتیوں کو لے جا رہی بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے واقع ایک چائے دکان میں جا گھسی۔ اس حادثے میں 4 لوگوں کے مرنے جبکہ کم سے کم 25 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بس مالنچا سے کولکاتا کی طرف جا رہی تھی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مناکھاں کے جئے گرام علاقے میں باسنتی ہائی وے پر بس کے سامنے اچانک ایک موٹر سائیکل آ گئی۔ اسے بچانے کے چکر میں ڈرائیور نے گاڑی پر سے اپنا توازن کھو دیا اور بس سیدھے سڑک کنارے واقع ایک چائے دکان سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جن می٘ں بس ڈرائیور، موٹرسائیکل سوار اور چائے دکان مالک شامل ہے۔ یہ حادثہ شام کے وقت ہوا جب سڑک پر کافی گاڑیاں تھیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور آس پاس کے لوگ کثیر تعداد میں جمع ہو گئے۔حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بس میں پھنسے لوگوں کو باہر نکال کر مناکھاں دیہی اسپتال پہنچایا جہاں سے سنگین طور سے زخمی 8 لوگوں کو کولکاتا منتقل کر دیا گیا ہے۔بشیر ہاٹ کے ایس پی حسن مہندی رحمان نے حادثے پر بتایا کہ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تیز رفتار کی وجہ سے بس کا توازن بگڑ گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی دیگر وجوہات کا پتہ لگانے کی جانچ کر رہی ہے۔ ادھر مہلوکین اور زخمیوں کے اہل خانہ ریاستی حکومت سے معاوضہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کے کنبہ کو ضروری امداد فراہم کی جائے گی۔