گجرات کے سورت واقع شیو شکتی ٹکسٹائل مارکیٹ میں بدھ کو آگ لگ گئی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے مارکیٹ کی پہلی اور دوسری منزل کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس بھیانک آتشزدگی سے موقع پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور بڑی مشکل سے اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ 24 گھنٹے گزر گئے ہیں اور فائر بریگیڈ کی ٹیم آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آسمان میں دور سے دھوئیں کا غبار دکھائی دے رہا ہے۔ 4 منزلہ کپڑا بازار میں بدھ کی صبح 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دوسری بار شدید آگ لگی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے تیزی سے کام کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی پولیس کمشنر (ڈی سی پی) بھاگیرتھی گڑھوی نے کہا کہ علاقے کی گھیرابندی کر دی گئی ہے اور ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں لگی ہوئی ہیں۔#WATCH | Gujarat: Firefighting operations continue to douse the fire which broke out at Shiv Shakti Textile stores in Surat yesterday. pic.twitter.com/tV1SSJ33R2— ANI (@ANI) February 27, 2025ڈی سی پی گڑھوی نے اے این آئی کو بتایا، "شیو شکتی کپڑا مارکیٹ میں آگ کو بجھانے میں فائر بریگیڈ کی ٹیمیں لگی ہوئی ہیں۔ پورے علاقے کی گھیرا بندی کر دی گئی ہے۔ پولیس نے پورے علاقے کو بھی خالی کرا لیا ہے۔ بڑے پیمانے پر پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک نہ ہو، اس کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ سبھی ٹیمیں یہاں تعینات ہیں۔ یہاں اور بھی دکانیں ہیں اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی کرنے کے لیے پولیس موجود ہے۔ شیو شکتی مارکیٹ میں تقریباً 800 دکانیں ہیں، سبھی دکانیں بند ہیں، آس پاس کے بازاروں کی دکانیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔"اس سے قبل چیف فائر آفیسر وسنت پاریکھ نے اے این آئی کو بتایا کہ آگ بجھانے میں وقت لگے گا۔ پاریکھ نے کہا، "آگ بیسمینٹ سے پہلی، دوسری اور تیسری منزل تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے میں ابھی وقت لگے گا۔ فائر بریگیڈ کے کچھ ملازمین آگ میں پھنس گئے تھے لیکن انہیں نکال لیا گیا ہے۔ کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔"ایک افسر کے مطابق اس سے پہلے منگل کو بھی عمارت کے بیسمنٹ میں آگ لگنے سے وہاں موجود ایک مزدور کی دم گھنٹنے سے موت ہو گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کے بیسمنٹ میں کپڑے رکھے ہوئے تھے اور آگ پر کچھ گھنٹوں میں قابو پا لیا گیا۔