پاکستان کی میزبانی میں چمپئنز ٹرافی 2025 کا شاندار آغاز ہو چکا ہے۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہندوستان اپنا پہلا میچ دبئی میں کھیل چکا ہے۔ اسی درمیان پاکستان سے ایک دلچسپ ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس کی وجہ سے ایک بار پھر پاکستان کا مذاق بن گیا ہے اور اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آج آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے قبل قومی ترانے کے وقت منتظمین نے ہندوستانی قومی ترانہ بجا دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی قومی ترانہ جیسے ہی شروع ہوا کرکٹ میدان میں موجود شائقین نے زبردست شور کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد فوراً ہندوستانی قومی ترانے کو بند کر دیا گیا۔Pakistan by mistakenly played Indian National Anthem during England Vs Australia #ChampionsTrophy2025 pic.twitter.com/31D7hA6i6n— hrishikesh (@hrishidev22) February 22, 2025واضح ہو کہ آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ چمپئنز ٹرافی کا چوتھا میچ میزبان پاکستان کے قذافی اسٹڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی قومی ترانے کے لیے میدان پر آئے۔ انگلینڈ کے قومی ترانے کے اختتام کے بعد آسٹریلیا کا قومی ترانہ بجنا تھا لیکن تبھی ’جن گن من‘ (ہندوستانی قومی ترانہ) بجنے لگا۔ اس کے بعد کرکٹ شائقین کا زبردست شور سنائی دیا۔ شور کے بعد منتظمین نے فوراً ہندوستانی ترانہ بند کر دیا۔ اگر ہندوستان ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز دبئی میں نہ کھیل کر پاکستان میں کھیلتا تو یقیناً پاکستان میں ہندوستانی قومی ترانہ سننے کو ملتا، لیکن اس کی غیر موجودگی میں قومی ترانہ بجنے سے میدان میں موجود سبھی حیران رہ گئے۔قابل ذکر ہے کہ کل یعنی 23 فروری کو دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چمپئنز ٹرافی 2025 کا پانچواں اور اِس آئی سی سی ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ کھیلا جانے والا ہے۔ ایک طرف جہاں ہندوستان اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے آسانی سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر چکا ہے، وہیں دوسری جانب میزبان پاکستان نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنوں سے شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے ساتھ ہی پاکستان اپنے سلامی بلے باز فخر زمان کی خدمات سے بھی محروم ہو گیا، جو کہ ہندوستان کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ فخر زماں نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے ان کو ٹورنامنٹ سے مستقل طور پر باہر ہونا پڑا۔