تلنگانہ حکومت نے بدھ کو سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای، آئی بی اور تلنگانہ کے دیگر بورڈ-متعلقہ اسکولوں میں تلگو کو لازمی موضوع کے طور پر نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ 26-2025 کے تعلیمی سیشن میں درجہ 9ویں کے طلبا کے لیے تلگو کو لازمی موضوع کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔ وہیں 27-2026 کے تعلیمی سال سے 10ویں کے طلبا کے لیے یہ موضوع لازمی ہوگا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ تعلیم اور امتحانات کے لیے اسٹینڈرڈ تلگو 'سنگیڈی' کو سی بی ایس ای سبجیکٹ لسٹ کے مطابق 089 کوڈ کے ساتھ آسان تلگو 'وینیلا' سے بدل دیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ (اسکولوں میں تلگو کی لازمی تعلیم اور سیکھنا) ایکٹ، 2018 کے مطابق سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اور آئی بی اسکولوں میں بھی تلگو تعلیم لازمی ہونی چاہیے۔ زبان کے لیے سہل تعلیم اور دلچسپی کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے درجہ 9 ویں اور 10ویں کے لیے آسان تلگو 'وینیلا' نصاب کا استعمال کیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ تنگانہ حکومت کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب زبان کی پالیسی کو لے کر تمل ناڈو حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان زبردست ٹکراؤ کا ماحول ہے۔ نئی زبان پالیسی کے تحت ریاستی حکومتوں کو ہندی سمیت تین زبان-تعلیمی نظام لازمی کرنا ہوگا۔ اسٹالن حکومت کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت زبردستی ریاست پر ہندی زبان کو تھوپ نہیں سکتی۔