سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر، کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

Wait 5 sec.

سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر داخل ہو گئی ہے اور مملکت کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سردی کی نئی اور شدید لہر نے مملکت کے شمالی اور وسطی علاقوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق طرف میں منگل کو کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ جب کہ آج طرف اور ارار کے علاقوں میں سب سے کم منفی ایک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔تبوک، حائل، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ رہاہے جبکہ اس کی تاثیر ملک کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی چار ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ موسم شدید سرد رہا۔ مکہ مکرمہ میں آج درجہ حرارت 22 اور مدینہ منورہ میں کم سے کم 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سعودی ماہر موسمیات عبد اللہ العصیمی نے منگل اور بدھ کے روز پڑنے والی سردی کو سعودی عرب میں سال رواں کی سخت ترین سرد لہر قرار دیا ہےدوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ سردی کی موجودہ لہر کی شدت کا زور جمعہ تک ٹوٹ جائے گا جس کے بعد موسم اعتدال کی طرف مائل ہونا شروع ہوگا۔محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن میں جدہ، رابغ، اللیث اور خلیص میں گرد آلود تیز ہوا چلنے، جدہ اور رابغ کے سمندر میں تین میٹر تک بلند لہریں اٹھنے کی پیشگوئی کی ہے۔