ایک قبرستان میں رات تک حالات معمول کے مطابق تھے لیکن صبح اٹھ کر قریبی رہائشیوں نے عجب نظارہ دیکھا کہ مردے قبروں سے نکلے پڑے تھے۔مسلمان اپنے پیاروں کو مرنے کے بعد قبروں میں دفن کرتے ہیں لیکن جب وہ اپنے ان ہی پیاروں کی لاشیں قبروں سے باہر پڑی دیکھیں تو ان کا مشتعل ہونا فطری ہے۔ایسا ایک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سہارن پور کے قبرستان میں پیش آیا جہاں رات تک حالات پرسکون تھے مگر جب صبح ہوئی اور کچھ لوگ قبرستان گئے تو وہاں ایک حصے میں کئی لاشیں قبروں سے نکلی پڑی تھیں اور اکثر قبریں کھلی ہوئی تھیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ محکم آبپاشی کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا جس نے رجواہا نالے میں اتنا پانی چھوڑا کہ پانی اوور فلو ہو کر قبرستان میں داخل ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق پانی کا ریلا اتنی تیزی سے پہنچا کہ تیز بہاؤ کی وجہ سے قبرستان کی ایک دیوار گر گئی جب کہ پانی قبروں کے اندر داخل ہوگیا اور اکثر قبریں کھل گئیں جب کہ پانی قبروں کے اندر داخل ہونے سے اس کے اندر میتیں اوپر آ گئیں۔صرف یہی نہیں بلکہ یہ پانی قریبی بستیوں کے اندر بھی داخل ہوگیا جس کے باعث وہاں کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اہل علاقہ نے جب یہ منظر دیکھا تو وہ مشتعل ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن کے عملے نے پہنچ کر پانی کی نکاسی کا کام شروع کر دیا۔قبرستان میں اپنوں کی قبروں اور مرحومین کی یہ بے حرمتی دیکھنے کے بعد لوگوں نے محکمہ آبپاشی کو اس واقعہ کا ملزم قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔