نئی دہلی : امریکی طیارے کو سیکیورٹی خدشات پر روم میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، اٹلی کی حدود میں داخل ہوتے ہی جنگی جہازوں نے اسے گھیر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دہلی جانے والی امریکن ایئر لائنز کی ایک فلائٹ کو دورانِ پرواز ملنے والی بم کی دھمکی کے بعد ہنگامی طور پر طیارے کا رخ نیویارک سے دہلی جاتے ہوئے روم کی جانب موڑ دیا گیا۔بوئنگ 787-9 ڈریملائنر میں 280 سے زائد مسافر سوار تھے، یہ طیارہ بحیرہ کیسپین کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب اچانک اس کا راستہ تبدیل کرکے اس کا رخ اٹلی کی طرف کردیا گیا۔جب طیارہ اٹلی کی فضائی حدود کے قریب پہنچا تو حفاظتی اقدامات کے طور پر اطالوی لڑاکا طیاروں نے اسے اسکواٹ کیا، بعد ازاں یہ پرواز مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے روم میں بحفاظت لینڈ کرگئی۔اس حوالے سے مقامی حکام نے سیکیورٹی الرٹ کی نوعیت کی تفصیلات نہیں بیان کیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ پرواز طیارے میں بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد امریکن ایئر لائنز اور سیکیورٹی حکام نے فوری طور اس کا نوٹس لے کر ہنگامی لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے کی روم میں بحفاظت لینڈنگ ہوگئی ہے، بم اسکواڈ نے تلاشی لے کر طیارے کو کلیئر کردیا ہے۔