پریاگ راج میں مہا کمبھ-2025 اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے، جہاں کروڑوں عقیدت مندوں کےعقیدہ اور سنتوں کے آشیرواد نے اسے تاریخی بنا دیا۔ آج 26 فروری کو، مہاشیو راتری کے مبارک موقع پر، مہا کمبھ آخری اسنان یعنی غسل کے تہوار کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ 13 جنوری سے شروع ہونے والے مہا کمبھ میں، 63 کروڑ سے زیادہ عقیدت مندوں نے تروینی سنگم میں مقدس اسنان کیا۔نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق مہا شیوراتری 2025 کی تیاریوں کے بارے میں، مہاکمبھ کے ڈی آئی جی ویبھو کرشنا نے کہا، "26 فروری مہاشیو راتری کا تہوار اور مہاکمبھ کا آخری اسنان ہے۔ ہم نے تمام شیوالوں پر پولیس تعینات کر دی ہے۔ نہانے کے گھاٹوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پورے علاقے کو بغیر گاڑیوں کے زون قرار دے دیا گیا ہے جو آنے والے ٹریفک کے نظام کے تحت چلیں گے۔‘‘مہا کمبھ کے مہا شیوراتری اسنان کے دوران بہتر ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے مزید 6 آئی پی ایس افسران کو بھیجا گیا ہے۔ ٹریفک کے انتظام کے لیے ایک اے ڈی جی اور پانچ آئی جی کو پریاگ راج کمبھ میلے میں بھیجا گیا ہے۔ گنگا، جمنا اور سرسوتی کے ملاپ کے مقام سنگم میں نہانے کے لیے بڑی تعداد میں عقیدت مند اتر پردیش، بہار، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ اور بنگال سمیت ملک کی مختلف ریاستوں سے پریاگ راج پہنچے ہیں۔ اتر پردیش کے گورکھپور، لکھنؤ، ایودھیا، وارانسی، کانپور، گونڈا، دین دیال اپادھیائے، جھانسی اور دیگر اضلاع کے ریلوے اسٹیشنوں سے پریاگ راج جانے والے مسافروں کی تعداد اوسط سے کہیں زیادہ تھی۔امرت اسنان لینے کے بعد، لوگوں اور عقیدت مندوں کا ایک بہت بڑا ہجوم واپس جانے کے لئےریلوے اسٹیشنوں پر جمع ہونے کی امید ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، شمالی وسطی ریلوے، شمال مشرقی ریلوے اور شمالی ریلوے نے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی ہیں اور تمام افسران اور ملازمین کو اپنی جگہ پر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ذرائع کے مطابق ریلوے نے ابتدائی طور پر مہا کمبھ کے دوران تقریباً 13500 ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ مہا کمبھ کے 42ویں دن تک 15000 سے زیادہ ٹرینیں چلائی جا چکی ہیں جن میں بڑی تعداد میں خصوصی ٹرینیں بھی شامل ہیں۔مہاشیو راتری پر بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے سیکورٹی، پناہ گاہ، ٹکٹوں کی آسان تقسیم اور بڑی تعداد میں ٹرینوں کے انتظامات کیے ہیں۔ پریاگ راج کے تمام اسٹیشنوں پر ریلوے کمرشل ڈپارٹمنٹ کے 1500 سے زیادہ اہلکار اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے 3000 سے زیادہ اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ بہت زیادہ ہجوم کے پیش نظر ایک طرف وی آئی پی پروٹوکول منسوخ کر دیا گیا ہے تو دوسری طرف نہانے کے لیے تین زونز کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس انتظام کے تحت جو بھی عقیدت مند کسی بھی زون میں پہنچیں گے، انہیں وہاں نہانے کی اجازت ہوگی۔پیر کو، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ 63.36 کروڑ عقیدت مند وں نےمہا کمبھ 2025 کے دوران تروینی سنگم میں مقدس ڈبکی لگائی ہے۔ صرف پیر کو مہا کمبھ میں 1.3 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔ مہا کمبھ میلہ 13 جنوری کو شروع ہوا تھا۔