عام آدمی پارٹی کا ایم سی ڈی سے متعلق اہم اعلان، ہاؤس ٹیکس میں عوام کو بڑی راحت

Wait 5 sec.

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، ایم سی ڈی میں پارٹی کے انچارج درگیش پاٹھک، میئر مہیش کھیچی، ڈپٹی میئر رویندر بھاردواج اور لیڈر آف دی ہاؤس مکیش گوئل نے پیر کے روز دہلی کے عوام کے لیے ایک بڑی راحت کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم سی ڈی حکومت نے کئی بڑے فیصلے لیے ہیں، جن سے دہلی والوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔سنجے سنگھ نے بتایا کہ جو دہلی کے شہری مالی سال 2024-25 کے لیے اپنا ہاؤس ٹیکس وقت پر ادا کریں گے، ان کا پچھلا بقایا مکمل طور پر معاف کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مالی سال 2025-26 میں 100 سے 500 گز کے گھروں پر ہاؤس ٹیکس میں 50 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ 100 گز سے چھوٹے مکانات کا ہاؤس ٹیکس مکمل طور پر معاف کر دیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ ان گھروں کا بھی ٹیکس معاف کر دیا جائے گا، جہاں دکانیں چل رہی ہیں۔ایم سی ڈی میں پارٹی کے انچارج درگیش پاٹھک نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی ایم سی ڈی حکومت ہمیشہ عوام کے مفاد میں فیصلے لیتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ایم سی ڈی ملازمین کو وقت پر تنخواہ نہیں ملتی تھی لیکن اب ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ان کی تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے 1300 ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کے ہاؤس ٹیکس میں بھی 25 فیصد تک کی چھوٹ دی جائے گی۔میئر مہیش کھیچی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنی حکومت میں کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے۔ پچھلے دو برسوں میں 8000 سے زائد ایم سی ڈی ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے اور اب مزید 12000 ملازمین کو مستقل کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کو راحت دینے کے لیے مختلف زمرے کے مکانات کے ہاؤس ٹیکس میں یا تو کمی کی جا رہی ہے یا اسے مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔ایم سی ڈی میں لیڈر آف دی ہاؤس مکیش گوئل نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی میں کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب ہاؤس ٹیکس پر کیے گئے ان فیصلوں سے بدعنوانی پر کاری ضرب لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے ایم سی ڈی میں شفافیت بڑھے گی اور دہلی کے باشندوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔