وزیر اعظم مودی آج مدھیہ پردیش، بہار اور آسام کے دورہ پر، بھاگلپور سے جاری کریں گے 'کسان ندھی' کی 19ویں قسط

Wait 5 sec.

وزیر اعظم نریندر مودی آج پیر کو تین ریاستوں مدھیہ پردیش، بہار اور آسام کے دورے پر ہیں۔ اس دوران وزیر اعظم مودی بہار کے بھاگلپور سے 'پردھان منتری کسان سمّان ندھی یوجنا' کی 19ویں قسط جاری کریں گے۔ اس دوران ملک بھر کے 9 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو ڈائریکٹ بینفٹ ٹرانسفر کے ذریعہ 22 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی امداد دی جائے گی۔ وزیر اعظم پورنیہ کے راستے بھاگلپور جائیں گے۔وزیر اعظم مودی 2025 کے بہار اسمبلی انتخاب سے پہلے ایئرپورٹ گراؤنڈ میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ان کے ساتھ بہار کے گورنر عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان، وزیر جیتن رام مانجھی، راجیو رنجن عرف عرف للن سنگھ، گری راج سنگھ، چراغ پاسوان وغیرہ بھی موجود رہیں گے۔ اس ریلی میں تقریباً 5 لاکھ کسانوں کے شامل ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔پروگرام کے تحت پورنیہ میں اترنے کے بعد وزیر اعظم مودی ہیلی کاپٹر سے 1 بجکر 30 منٹ پر بھاگلپور کے لیے روانہ ہوں گے۔ 2 بجکر 5 منٹ پر بھاگلپور ہوائی اڈہ واقع ہیلی پیڈ پر اتریں گے۔ دوپہر 2 بجکر 10 منٹ پر سڑک کے راستے تقریب کے مقام کی طرف روانہ ہوں گے۔ 2 بجکر 15 منٹ پر اسٹیج پر پہنچیں گے۔وزیراعظم کے دورہ کے سلسلے میں اتوار کو بہار کے بھاگلپور پہنچے مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان نے وزیراعظم کے پروگرام کے لیے جائزہ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، ریاست کے وزیر زراعت منگل پانڈے اور بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال بھی موجود تھے۔ انہوں نے ہوائی اڈے میں بنے منچ اور اسٹال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسروں اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ پوری تیاری کی جانکاری لی۔اس دوران مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے بتایا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کے منصوبوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اس دن کو 'کسان سمّان سماروہ' کے طور پر منایا جائے گا۔ اس منصوبہ کے تحت ملک کے 11 کروڑ سے زیادہ کسان کنبوں کو اب تک 3.46 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ چوہان نے کہا کہ ملک بھر کے 9 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو ڈائریکٹ بینفٹ ٹرانسفر کے ذریعہ 22 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی امداد دی جائے گی۔