ہندوستان سمیت چار ممالک میں تین گھنٹوں کے اندر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہندوستان، نیپال، تبت اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں یہ جھٹکے آئے، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ہندوستان میں بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں رات 2:35 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ہندوستان کے ساتھ ساتھ نیپال کے بگمتی صوبے میں بھی اسی وقت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خوش قسمتی سے، یہاں بھی کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز نیپال کے باگمتی صوبے میں تھا، جو بہار کے مظفر پور سے تقریباً 189 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔اسی طرح، جمعہ کی صبح 2:48 بجے تبت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق، اس زلزلے کا مرکز زمین کے 70 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔پاکستان میں بھی صبح 5:14 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس سے قبل 16 فروری کو بھی پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کا مرکز راولپنڈی سے 8 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔اگرچہ زلزلے کے یہ جھٹکے متعدد ممالک میں محسوس کیے گئے، تاہم ابھی تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ملی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کو زلزلے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔