موسم نے پھر لی کروٹ، 13 ریاستوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش اور برفباری کا الرٹ

Wait 5 sec.

پچھلے دنوں ہوئی بارش سے ایک بار پھر موسم کا مزاج بدلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت پنجاب، اتر پردیش میں درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ہلکی ٹھٹھرن کا احساس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین چار دنوں تک بارش کا سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔ آئی ایم ڈی نے اتر پردیش کے ساتھ ہی بہار اور مشرقی ہند کے 13 ریاستوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش اور اولے گرنے کے امکان کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کچھ جگہوں پر بجلی بھی گر سکتی ہے۔ ایک تازہ ویسٹرن ڈسٹربینس پیر کو مغربی ہمالیہ کو متاثر کرنے والا ہے جس سے منگل سے شدید برفباری ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی میدانی علاقوں میں بھی ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔بنگال اور آس پاس کے علاقوں میں ہفتہ کے آخر میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ انڈمان اور نکوبار جزائر گروپ میں اگلے ہفتہ تک وسیع پیمانے پر بارش ہونے کے آثار ہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں کو چھوڑ کر پورے ملک میں اگلے پانچ دنوں تک درجہ حرارت معمول کے قریب رہے گا۔راجستھان میں نئے ویسٹرن ڈسٹربینس کے اثر سے گزشتہ 24 گھنٹے میں ہنومان گڑھ ضلع میں سنگریا سمیت کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ باقی ریاست میں موسم عام طور پر خشک بنا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران سنگریا میں 0.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کچھ دیگر مقامات میں بوندا باندی بھی درج کی گئی۔ادھر کشمیر میں کئی مقامات پر جمعہ کو تازہ برفباری ہوئی۔ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارش ہو رہی ہے۔ افسروں نے بتایا کہ مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، سون مرگ اور پہلگام میں رات بھر برفباری ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اننت ناگ، جوجیلا درہ، بنیہال، سادھنا درہ، کپواڑہ کے ماچھل اور باندی پورا کے راجدان درّے میں بھی برفباری درج کی گئی۔ سری نگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں رات بھر رک رک بارش ہوئی۔