ریاض : سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحی منائی جارہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سمیت بعض یورپی ممالک میں عید الاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کردی گئی، جس میں ہزروں افراد نے نماز عید ادا کی۔دوسری جانب مزدلفہ سے حجاج منی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اور سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے، حجاج کرام قربانی کے بعد طواف زیارت اور سعی کرینگے۔اس کے علاوہ یورپ، امریکا سمیت کئی ممالک میں اس بار بھی دو عیدیں منائی جائیں گی، امریکا، برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی کے بعض افراد اتوار اور دیگر پیر کو عید منائیں گے۔متحدہ عرب امارات، دبئی، ابوظبی، شارجہ اور دیگر اماراتی ریاستوں میں بھی نماز عید ادا کردی گئی جبکہ پاکستان میں بوہری برادری بھی آج عیدالاضحیٰ منارہی ہے۔کراچی میں بوہری برادری کی مساجد میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی، صدر، پاکستان چوک، حیدری، بلوچ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں اجتماعات ہوئے۔