’بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ‘ کو بحریہ کے لیے ملا 2323 کروڑ روپے کا آرڈر، میزائل پارٹس سپلائی کرنے کا راستہ ہموار

Wait 5 sec.

ہندوستان کی سب سے بڑی ڈیفنس کمپنی ’بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ‘ (بی ای ایل) کو ایک بڑا آرڈر ملا ہے جو ہندوستانی بحریہ سے جڑا ہوا ہے۔ یہ آرڈر تقریباً 2323 کروڑ روپے کا ہے جو ہندوستانی بحریہ کو مضبوطی فراہم کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ آرڈر ممبئی واقع مجھگاؤں ڈاک لمیٹڈ (ایم ڈی ایل) اور کولکاتا واقع گارڈن ریچ شپ بلڈرس (جی آر ایس ای) سے ملا ہے۔ اس کے تحت بی ای ایل ہندوستانی بحریہ کے جہازوں پر لگے میزائل سسٹم کے لیے ضروری اسپیئر پارٹس (بیس اور ڈیپو اسپیئرس) کی سپلائی کرے گی۔بتایا جاتا ہے کہ جن سامانوں کے لیے بی ای ایل کو آرڈر ملا ہے، وہ جہازوں پر موجود ضروری مشینوں کو درست طریقے سے اور لگاتار کام کرتے رہنے میں مدد کریں گے۔ بی ای ایل کا یہ آرڈر ’میک اِن انڈیا‘ اور ’خود کفیل بھارت‘ کے تحت ملک کو خود کفیل بنانے کی سمت میں مزید ایک مضبوط قدم ہے۔ دفاعی شعبہ میں بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ لگاتار بڑی اونچائی حاصل کر رہی ہے اور نئی تاریخ بھی رقم کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستانی فوج نے پاکستان کو منھ توڑ جواب دیا تھا۔ اس میں آکاش میزائل ایئر ڈیفنس سسٹم نے اہم کردار نبھایا تھا۔ اس میزائل نے پاکستان میں تباہی مچا کر رکھ دی تھی۔ اس آکاش میزائل ایئر ڈیفنس سسٹم کو بی ای ایل نے ہی بنایا ہے۔ بی ای ایل وزارت دفاع کے تحت ایک پبلک سیکٹر کمپنی ہے۔ بی ای ایل ڈیفنس الیکٹرانکس اور جدید ترین تکنیکی نظام کی ترقی، پروڈکشن اور فراہمی کا کام کرتی ہے۔ اس کا قیام 1954 میں بنگلورو میں ہوا تھا۔