نتیش-بی جے پی نے مل کر بہار کو ’جرم کی راجدھانی‘ بنا دیا، راہل نے بہار میں نظم و نسق کی صورحال پر اٹھائے سوال

Wait 5 sec.

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کاروباری گوپال کھیمکا قتل معاملے کو لے کر پورے ملک میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ کئی سیاسی رہنماؤں نے اس قتل واقعہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اب اس معاملے میں لوک سبھا میں حزب مخالف کے رہنما اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور برسراقتدار پارٹی بی جے پی پر شدید حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے مل کر بہار کو ہندوستان کی ’جرم کی راجدھانی‘ بنا دیا ہے۔ راہل گاندھی نے آج صبح ٹوئٹ کرکے بہار میں نظم و نسق کو لے کر بہار کی این ڈی اے حکومت کو نشانے پر لیا۔راہل گاندھی نے لکھا، ’’پٹنہ میں کاروباری کھیمکا کا سرعام گولی مار کر قتل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بی جے پی اور نتیش حکومت نے مل کر بہار کو ’بھارت کی کرائم کیپٹل‘ بنا دیا ہے۔ آج بہار لوٹ، گولی اور قتل کے سایے میں جی رہا ہے۔ جرم یہاں عام سی بات بن چکی ہے اور حکومت پوری طرح سے ناکام ہے۔‘‘’لائیو ہندوستان‘ کی خبر کے مطابق راہل گاندھی نے بہار کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’بہار کے بھائیوں اور بہنوں، یہ ناانصافی اب اور نہیں برداشت کی جا سکتی۔ جو حکومت آپ کے بچوں کا تحفظ نہیں کر سکتی، وہ آپ کے مستقبل کی ذمہ داری بھی نہیں لے سکتی۔ ہر قتل، ہر لوٹ، ہر گولی، ایک چیخ ہے تبدیلی کی۔ اب وقت ہے ایک نئے بہار کا، جہاں خوف نہیں، ترقی ہو۔ اس بار ووٹ صرف حکومت بدلنے کا نہیں، بہار کو بچانے کا ہے۔‘‘पटना में व्यवसायी गोपाल खेमका की सरेआम गोली मारकर हत्या ने एक बार फिर साबित कर दिया है - भाजपा और नीतीश कुमार ने मिलकर बिहार को “भारत की क्राइम कैपिटल” बना दिया है।आज बिहार लूट, गोली और हत्या के साए में जी रहा है। अपराध यहां ‘नया नॉर्मल’ बन चुका है - और सरकार पूरी तरह नाकाम।…— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) July 6, 2025واضح رہے کہ بہار کے جانے مانے کاروباری گوپال کھیمکا کا ان کی رہائش کے قریب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ سات سال پہلے حاجی پور میں جرائم پیشہ عناصر نے گوپال کھیمکا کے بیٹے کا بھی گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی رات قریب 11 بج کر 40 منٹ پر گاندھی میدان علاقے میں جب گوپال کھیمکا اپنی کار سے اترنے والے تھے تب جرائم پیشہ عناصر کے ذریعہ ان کا قتل کر دیا گیا۔افسروں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو ریاست میں نظم و نسق کی حالت کے جائزہ کے لیے ایک میٹنگ کی اور اس دوران انہوں نے متعلقہ افسروں کو گوپال کھیمکا قتل عام کی جانچ جلد سے جلد پوری کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ دفتر (سی ایم او) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا، ’’وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ نظم و نسق این ڈی اے حکومت کی اولین ترجیح ہے اور لاپروائی برتنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی۔‘‘