امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارش سے تباہی؛ 50 شہری ہلاک، کئی لاپتا

Wait 5 sec.

امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں شدید بارش نے تباہی پھیلا دی جہاں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 50 ہوگئی۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں امدادی کارکنوں نے مزید درجنوں کیمپرز، چھٹیاں گزارنے والوں اور رہائشیوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔ٹیکساس حکام نے بتایا کہ سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کیر کاؤنٹی میں تباہی کے مرکزی مقام سے باہر کے علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ سان انتونیو کے شمال مغرب میں تقریباً 85 میل شمال مغرب میں دریائے گواڈیلوپے کے اردگرد کے علاقے میں اچانک طوفان کے نتیجے میں 38 سینٹی میٹر بارش ہونے کے بعد 850 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا جن میں سے کچھ درختوں سے چمٹے ہوئے تھے۔ہلاک شدگان میں 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ کئی لڑکیاں تاحال لاپتا ہیں۔ مختلف علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مکانات اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔درخت گرنے سے راستے بند ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آٹھ سو افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ریاست کے گورنر گریگ ایبٹ نے ہنگامی حالت کا دائرہ کئی علاقوں تک وسیع کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مزید وفاقی امداد کی درخواست کی ہے۔