جھارکھنڈ میں کوئلہ کی کان میں حادثہ، 4 افراد ہلاک، 6 زخمی، 2 کی حالت نازک

Wait 5 sec.

جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں واقع کوجو او پی علاقہ ہفتہ کے روز ایک اندوہناک حادثہ میں سی سی ایل (سینٹرل کول فیلڈز لمیٹڈ) کے کرما پروجیکٹ کی کھلی کوئلہ کی کان میں اچانک مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔ ایک زخمی کا پاؤں بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ ایک خاتون کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ یہ تمام افراد مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے کوئلہ نکالنے کے لیے کان میں داخل ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد موقع پر مقامی لوگ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور زخمیوں کو باہر نکال کر فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ایک شخص کو ملبے سے نکالنے کے لیے جے سی بی اور شاول مشین کا سہارا لیا گیا۔حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ مقامی رہائشیوں اور جھارکھنڈ لیبر کسان منچ (جے ایل کے ایم) کے کارکنان نے سی سی ایل انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات مناسب طریقے سے کیے گئے ہوتے تو یہ سانحہ پیش نہ آتا۔ مظاہرین نے کہا کہ کام کے چاروں طرف ہائی وال اور دو فٹ اونچی وائر فینسنگ ہونی چاہیے تھی، جو وہاں موجود نہیں تھی۔جے ایل کے ایم کے مرکزی جنرل سکریٹری روی مہتو نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کان میں کسی قسم کی سیفٹی موجود نہیں ہے اور یہ حادثہ انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے۔حادثے کے بعد مشتعل مقامی افراد نے کرما پروجیکٹ کے دفتر کے گیٹ کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مرنے والوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور اس وقت تک لاشیں نہیں ہٹائی جائیں گی جب تک یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے تاکہ حالات قابو میں رہیں۔