چنڈی گڑھ: پنجاب کے بھٹنڈہ میں بھارتیہ کسان یونین سدھوپور کے صدر جگجیت سنگھ ڈلیوال نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو صبح 11 بجے پنجاب سمیت ملک بھر میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے پتلے نذر آتش کیے جائیں گے۔ یہ مظاہرے حالیہ دنوں کسانوں کی گرفتاری اور حکومتی دباؤ کے خلاف ہوں گے۔ڈلیوال نے بھٹنڈہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موڑ منڈی کے گاؤں کھسوگھانا میں گندے پانی کی پائپ لائن بچھانے کے خلاف احتجاج کرنے پر یونین سے وابستہ 19 کسانوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جن میں اہم کسان رہنما کاکا سنگھ کوٹڑا بھی شامل ہیں۔ گرفتار کسانوں نے مختلف جیلوں میں بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ڈلیوال نے اعلان کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے گاؤں میں گندے پانی کی پائپ لائن بچھانے کی اجازت نہیں دیں گے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کسانوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کے لیے بھٹنڈہ آنا چاہتے تھے لیکن انہیں ہاؤس اریسٹ کر دیا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ آج بھی انہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔ بقول ان کے، بھٹنڈہ پولیس کے ڈی ایس پی ان کے پاس آئے اور کہا کہ وہ انہیں مقامی ایم ایل اے سے بات کرا دیں گے، بس وہ بھٹنڈہ نہ جائیں، مگر ڈلیوال پولیس کے دباؤ کے باوجود پہنچے۔کسان رہنما نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کسانوں کو کھلی بحث کی دعوت دی ہے جسے غیر سیاسی مورچہ قبول کرتا ہے۔ ڈلیوال نے کہا کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر براہ راست میڈیا کے سامنے بحث کو تیار ہیں، بس وزیر اعلیٰ وقت اور جگہ کا تعین کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں دیگر غیر سیاسی تنظیموں کی مکمل حمایت حاصل ہے، اسی لیے ملک گیر مظاہروں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔