واشنگٹن : امریکی کینیڈین سرحد کے قریب 250 ملین شہد کی مکھیاں لے جانے والا ٹرک اُلٹ گیا، جس کے نتیجے میں کروڑوں مکھیاں فضا میں چاروں طرف پھیل گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور کینیڈا کی سرحد کے قریب صبح کے وقت افرا تفری مچ گئی جب شہد کی تقریباً 250 ملین مکھیاں اچانک آزاد ہو گئیں۔جمعے کی صبح تقریباً 4 بجے شمال مغربی واشنگٹن میں شہد کی مکھیوں سے لدے ایک ٹرک کے الٹنے کے بعد یہ مکھیاں فضا میں بکھر گئیں۔اس حوال سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرک میں شہد کی مکھیوں کے 30 ہزار کلوگرام سے زائد چھتے دوسری جگہ منتقل کیے جارہے تھے کہ حادثہ پیش آگیا۔رپورٹ کے مطابق یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کئی گھنٹوں بعد پولیس اہلکار اس بات پر حیران رہ گئے جب شہد کی مکھیوں نے اچانک حملہ شروع کر دیا اور کئی شیرف اہلکاروں کو کاٹنا شروع کر دیا۔ کچھ اہلکاروں کو اپنی گاڑیوں میں پناہ لینی پڑی تاکہ ڈنگ سے بچا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں شہد کی مکھیوں کے آزاد ہوجانے کے بعد پولیس اور انتظامیہ میں لوگوں کو ٹرک الٹنے کے مقام سے دور رہنے اور شہد کی مکھیوں سے بچنے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔یاد رہے کہ شہد کی مکھیاں دنیا بھر میں فصلوں کی پولینیشن کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں، لیکن حالیہ برسوں میں کیمیکل، پیراسائٹس اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان کی بقا خطرے میں پڑ چکی ہے۔