اتراکھنڈ: انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ میں عدالت کا فیصلہ آج متوقع

Wait 5 sec.

کوٹ دوار: اتراکھنڈ کے مشہور انکیتا قتل کیس میں کوٹ دوار عدالت آج یعنی جمعہ کو اپنا فیصلہ سنائے گی۔ یہ معاملہ ستمبر 2022 سے زیر سماعت ہے۔ ضلع پوڑی کے یمکیشور بلاک کی 22 سالہ انکیتا بھنڈاری کو 18 ستمبر 2022 کو قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ یمکیشور بلاک میں ہی واقع ونترہ ریزورٹ میں ریسپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔فیصلے سے قبل عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے کورٹ احاطے کے باہر بیریکیڈنگ کر دی ہے، جب کہ بڑی تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی متوقع ہے۔انکیتا بھنڈاری 18 ستمبر 2022 کو یمکیشور کے ونترہ ریزورٹ سے لاپتہ ہو گئی تھی۔ چھ دن بعد 24 ستمبر کو ایس ڈی آر ایف نے اس کی لاش چیلا پاور ہاؤس انٹیک نہر سے برآمد کی تھی۔ اس معاملے میں پلکت آریہ، سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ پلکت آریہ کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ڈی آئی جی (لاء اینڈ آرڈر) پی رینوکا دیوی کی سربراہی میں ایک ایس آئی ٹی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ایس آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد استغاثہ نے عدالت میں 500 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی۔ تینوں ملزمان، ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ، اس کے ملازمین سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا، پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد 28 مارچ 2023 سے استغاثہ کی گواہی کا عمل شروع ہوا۔ کوٹ دوار میں واقع ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی جے) کی عدالت میں اس مقدمے کی پہلی سماعت 30 جنوری 2023 کو ہوئی تھی۔تقریباً دو سال آٹھ ماہ جاری رہنے والی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے تفتیشی افسر سمیت 47 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اگرچہ ایس آئی ٹی نے اس کیس میں 97 گواہ بنائے تھے، تاہم عدالت میں صرف 47 اہم گواہوں کو پیش کیا گیا۔ 19 مئی کو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اونیش نیگی نے مدعا علیہ کے وکیل کی بحث کا جواب دے کر دلائل کا سلسلہ ختم کیا تھا۔ عدالت نے دونوں فریقین کی بحث اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنانے کے لیے 30 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔