بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو جمعہ کی دیر رات سڑک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ دراصل ویشالی ضلع کے قومی شاہراہ 22 پر گورول کے پاس ایک تیز رفتار ٹرک ان کے قافلہ میں گھس گیا، جس کی ٹکر میں 3 سیکوریٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ غنیمت رہی کہ تیجسوی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے۔ وہ محض 5 فٹ کی دوری پر کھڑے تھے۔ حادثہ رات 2 بجے اس وقت ہوا جب تیجسوی مدھے پورہ میں پروگرام کرکے پٹنہ واپس ہو رہے تھے۔سڑک حادثے کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ زخمیوں کو حاجی پور واقع صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ٹکر مار کر بھاگ رہے ٹرک کو پولیس نے گرفت میں لے لیا۔ صدر اسپتال کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ جمعہ کی رات مدھے پورہ سے پروگرام کرکے لوٹ رہے تھے۔ بیچ میں وہ چائے پینے کے لیے رکے تھے۔ تبھی اچانک ایک بے قابو ٹرک آیا اور گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔تیجسوی نے آگے بتایا کہ حادثہ ٹھیک ان کے سامنے ہوا۔ وہاں جو سیکوریٹی اہلکار کھڑے تھے، ان پر گاڑی آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ محض 5 فٹ کی دوری پر کھڑے تھے۔ اگر تھوڑا سا بھی اِدھر اُدھر ہوتا تو ہم لوگوں کو بھی ٹکر لگتی۔ حادثے کے فوراً بعد انتظامیہ کے لوگوں کو انہوں نے فون کیا۔ اس کے بعد پولیس نے ٹرک کو ضبط کر لیا۔ اسکوائڈ کی گاڑی سے زخمیوں کو اسپتال بھجوایا گیا۔تیجسوی یادو نے اپنی سیکوریٹی میں لاپروائی اور کسی بھی طرح کی سازش سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے ہوتے رہتے ہیں۔ اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ حالانکہ جو حادثہ ہوا ہے اس میں جو لاپرواہ لوگ ہیں ان پر کارروائی ہونی ہی چاہیے۔ اس ملک میں سب سے زیادہ لوگ حادثے میں ہی اپنی جان گنواتے ہیں۔