وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک جے کارنی نے فون کیا اور انہیں جی-7 میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی۔ نریندر مودی نے کہاکہ "مجھے وزیر اعظم مارک جے کارنی کا فون موصول ہونے پر خوشی ہے۔ میں نے انہیں حالیہ انتخابات میں ان کی جیت پر مبارکباد دی اور اس ماہ کناناسکس میں ہونے والی جی-7 میٹنگ میں شرکت کے لیے مدعو کرنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔"وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور کینیڈا کی جمہوریتیں عوام سے عوام کے رابطے سے زندہ ہیں۔ دونوں ممالک باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے ساتھ اپنے تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ "میں سربراہی اجلاس کے دوران آپ سے ملاقات کا منتظر ہوں۔"نریندر مودی جی -7 سربراہی اجلاس میں ملک کی حکومت کے خصوصی طور پر مدعو سربراہ کے طور پر شرکت کریں گے۔ یہ چوٹی کانفرنس 15 جون سے 17 جون تک منعقد ہوگی۔کینیڈا کے ساتھ سفارتی تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے سے تناؤ چل رہا ہے، جس کی وجہ سے اس سال کینیڈا کی میزبانی میں ہونے والے جی-7 سربراہی اجلاس میں ہندوستان کی شرکت کو لے کر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔