شمالی ہندوستان میں شدید گرمی نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، گزشتہ اتوار سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگلے تین دنوں تک یہ صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔ دہلی میں نہ صرف دن کے وقت درجہ حرارت ناقابل برداشت ہے، بلکہ رات کے وقت بھی معمول سے زیادہ گرم رہا، جسے ’وارم نائٹ کنڈیشنز‘ قرار دیا گیا ہے۔ منگل کو دہلی کے آیانگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پالم میں 44.6 ڈگری، لودھی روڈ میں 43.6 ڈگری، رج ایریا میں 45 ڈگری اور صفدرجنگ میں 43.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔ ان علاقوں میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی صورتحال رہی۔پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں گرمی کی شدت نے حالات کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ پنجاب کے بھٹنڈہ میں درجہ حرارت 47.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جسے آئی ایم ڈی نے شدید ہیٹ ویو قرار دیا۔ مغربی راجستھان کے سری گنگانگر میں 47.4 ڈگری اور مشرقی راجستھان کے کوٹہ میں 46.3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ہریانہ کے سرسا میں بھی 46.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرمی نے لوگوں کو پریشان کیا۔آئی ایم ڈی کے سائنسدان نریش کمار نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بارش اور گرج چمک کی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ، شمال مغربی ہندوستان میں اینٹی سائکلونک گردش کے باعث درجہ حرارت 45 ڈگری سے اوپر چلا گیا۔ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، شمالی مدھیہ پردیش اور راجستھان میں شدید گرمی کی لہر کی صورتحال ہے۔محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں کے لیے گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ راجستھان میں شدید گرمی کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اور ہریانہ کے لیے اگلے تین دنوں کے لیے اورنج الرٹ ہے۔ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش میں بھی تین دن کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اگلے تین دنوں تک شمالی ہندوستان میں گرمی کا زور جاری رہے گا، البتہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں معمولی کمی کی توقع ہے۔ تاہم، بڑے پیمانے پر فوری راحت کی امید نہیں ہے۔شدید گرمی نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، اور دوپہر کے وقت بازاروں میں رش کم ہو گیا ہے۔ لوگ گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات اور ایئر کنڈیشنر کا سہارا لے رہے ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ دوپہر 12 سے 3 بجے کے درمیان باہر نکلنے سے گریز کریں، کافی مقدار میں پانی پییں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے اقدامات کریں اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں۔