نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے پیر کو 9 سالہ معصوم بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مقتولہ کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ان کو انصاف دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے دہلی کو جنگل راج سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ 9 سالہ چھوٹی بچی کو قتل کرنے کے بعد سوٹ کیس میں بند کرنے کے واقعہ نے دہلی میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کانگریس 9 سالہ معصوم بچی کے اہل خانہ کو انصاف دلا کر مجرموں کو سخت سے سخت سزا دلائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ایک وفد جلد ہی پولیس کمشنر سے ملاقات کر کے اس اندوہناک واقعہ سمیت دہلی میں بڑھتے جرائم اور منشیات کے کاروبار کے حوالے سے بات کرے گی۔ دیویندر یادو کے مطابق ہماری لڑائی صرف متاثرہ کے اہل خانہ کو انصاف دلانے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ یقینی کرنے کی بھی رہے گی کہ ایسے واقعات مستقبل میں نہ ہوں۔متاثرہ اہل خانہ سے ملاقات کرنے والوں میں دیویندر یادو کے ساتھ سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی بھیشم شرما اور عبد الرحمان، میونسپل کونسلر جاوید انصاری، ضلعی صدر آدیش بھاردواج اور راج کمار جین، سابق نائب ضلعی صدر علی مہندی، ڈاکٹر پی کے مشرا، سابق میونسپل کونسلر ایشور باگڑی، راجیو ورما، لوکیندر چودھری، پرمود جینت، اکشے کمار، ڈاکٹر ایس پی سنگھ، دیپک وشسٹھ، دیوا نند چودھری، محمد اکرم، محمد شہزاد، اشوک بگھیل اور کلدیپ راٹھی موجود تھے۔دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ٹرپل انجن حکومت میں جرائم کے رکنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں اور راجدھانی بچیوں اور خواتین کے لیے مکمل طور سے غیر محفوظ ہے، جو کہ بہت شرمناک ہے۔ اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ریکھا گپتا حکومت کو دہلی کے عوام سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ حکومت دہلی کے لوگوں کی حفاظت کی جگہ اپنے لیڈران کی حفاظت کے حوالے سے زیادہ حساس ہے۔دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر خدشات کے پیش نظر میں نے 24 مئی کو پولیس کمشنر کو خط لکھ کر دہلی میں بڑھتے ہوئے جرائم کو کنٹرول کرنے کی گزارش کی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے ریاستی اور مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ آخر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی دہلی کے لا اینڈ آرڈر کے متعلق ہوئی میٹنگوں میں کیا فیصلہ ہوا۔ کیوں دہلی میں بڑھ رہے جرائم کے واقعات پر وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر داخلہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔‘‘دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے دہلی کے عوام خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ابھی دہلی پولیس کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف ہو چکا ہے کہ راجدھانی میں 6 عصمت دری، 2 قتل، 18 چین اسنیچنگ (سینکڑوں ایسے معاملے ہوتے ہیں جو درج نہیں ہوتے) اور 3 ڈکیتی کے معاملات روزانہ درج ہو رہے ہیں۔