آسام میں غیر ملکی ٹریبونلز کی جانب سے کوچ بہار کے ایک کسان کو نوٹس جاری کر کے مبینہ طور پر غیر قانونی تارکین وطن قرار دینے پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آسام کی بی جے پی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے آسام حکومت کے اس قدم کو ’جمہوریت پر منظم حملہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کو غیر قانونی طریقہ سے نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جہاں اس کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔ ممتا بنرجی نے اس واقعہ کو خطرناک اور حاشیہ پر کھڑے طبقوں پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ لکھا کہ ’’میں یہ جان کر حیران و پریشان ہوں کہ آسام میں غیر ملکی ٹربیونلز نے کوچ بہار کے دنہاٹا میں 50 سال سے رہ رہے راج بنشی اتم کمار برج باسی کو این آر سی نوٹس جاری کیا ہے۔ درست شناختی دستاویز ہونے کے باوجود انہیں غیر ملکی/غیر ملکی تارکین وطن ہونے کے شبہ میں پریشان کیا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’یہ جمہوریت پر ایک منظم حملہ سے کم نہیں ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آسام میں حکمراں بی جے پی حکومت بنگال میں این آر سی نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جہاں اس کا کوئی اختیار نہیں ہے۔‘‘ممتا بنرجی کے مطابق حاشیہ پر کھڑے طبقوں کو ڈرانے، حق رائے دہی سے محروم کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ غیر آئینی حد سے تجاوز عوام دشمن ہے، اور یہ بی جے پی کے جمہوری تحفظات کو بلڈوز کرنے اور بنگال کے لوگوں کی شناخت کو مٹانے کے خطرناک ایجنڈے کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’اس تشویشناک صورتحال میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ بی جے پی کی اس تفرقہ انگیز اور جابرانہ مشینری کے خلاف متحد ہوں۔ بنگال اس پر خاموش نہیں بیٹھے گا کیونکہ ہندوستان کا آئینی تانا بانا بکھر رہا ہے۔‘‘I am shocked and deeply disturbed to learn that the Foreigners Tribunal in Assam has issued an NRC notice to Uttam Kumar Brajabasi, a Rajbanshi, resident of Dinhata in Cooch Behar for over 50 years. Despite furnishing valid identity documents, he is being harassed on suspicion of…— Mamata Banerjee (@MamataOfficial) July 8, 2025قابل ذکر ہے کہ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب کسان اتم کمار برج باسی نے میڈیا سے کہا کہ وہ خود کو مشکوک اور غیر قانونی تارکین وطن قرار دینے والا نوٹس پا کر حیران رہ گیا، جبکہ اس نے کبھی کوچ بہار سے باہر قدم نہیں رکھا۔ اتم کمار کے مطابق وہ 5 دہائیوں سے اس علاقہ میں رہ رہا ہے اور اس کے پاس درست ہندوستانی شناختی دستاویزات بھی ہیں۔