مانچسٹر: ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز کے چوتھے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور انگلینڈ کی سرزمین پر تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے انگلینڈ میں دو یا زیادہ میچوں پر مشتمل ٹی-20 سیریز اپنے نام کی ہے۔مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی کپتان ٹمی بیومونٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، جو ان کی ٹیم پر بھاری پڑا۔ میزبان ٹیم نے محض 21 کے اسکور پر پہلا وکٹ گنوایا اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ مقررہ 20 اوورز میں انگلینڈ سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 126 رنز ہی بنا سکی۔انگلینڈ کی جانب سے صوفیہ ڈنکلے نے 22 اور کپتان بیومونٹ نے 20 رنز بنائے۔ ہندوستان کے لیے رادھا یادو اور سری چرنی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دیپتی شرما اور امن جوت کور کو ایک ایک کامیابی ملی۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے اعتماد کے ساتھ آغاز کیا۔ اوپننگ بلے بازوں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے سات اوور میں 56 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ شیفالی نے 31 اور اسمرتی نے 32 رنز بنائے۔اس کے بعد جمیمہ روڈریگس اور کپتان ہرمن پریت کور نے تیسرے وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچایا۔ ہرمن پریت نے 25 گیندوں پر 26 رنز اور جمیمہ نے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بنائے۔انگلینڈ کی طرف سے ایک ایک وکٹ چارلی ڈین، سوفی ایکلسٹن اور ایسی وونگ کے حصے میں آئی۔ ہندوستان اب سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر چکا ہے۔ پانچواں اور آخری میچ 12 جولائی کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا، جہاں ہندوستان کی نظریں سیریز کو 1-4 سے مکمل کرنے پر ہوں گی۔