ہماچل پردیش کی ضلع عدالتوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، سائبر کرائم یونٹ اور انٹیلی جنس ایجنسیاں تحقیقات میں مصروف

Wait 5 sec.

شملہ: ہماچل پردیش میں بدھ کے روز صبح کے وقت شملہ، کلو اور ناہن کی ضلع عدالتوں کو بم کی دھمکی والے ای میل موصول ہونے کے فوراً بعد ان عدالتوں کو خالی کرا لیا گیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ بم کو ناکارہ بنانے والے دستہ اور ڈاگ اسکواڈ کی طرف سے گہری تحقیقات کے بعد ان دھمکیوں کو افواہ قرار دیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ناہن میں صبح تقریبا 10 بجے سیشن جج یوگیش جیسوال کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا۔ جج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عدالت کا احاطہ خالی کرنے کا حکم دیا اور پولیس اور فوجی حکام کو اطلاع دی۔ ڈاگ اسکواڈ اور ماہرین نے احاطے کی تلاشی لی لیکن کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ بار ایسوسی ایشن آف ناہن کے سابق صدر وریندر پال نے تصدیق کی کہ احاطے کو سیکورٹی کے پیش نظر خالی کرایا گیا تھا اور حکام نے تلاشی کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ دھمکی آمیز ای میلز، جن میں متنازع دستاویزات اور دھماکہ کی دھمکی شامل تھی، جو مبینہ طور پر انا یونیورسٹی کے سابق طلباء سے وابستہ ہونے کا دعوی کرنے والے ایک گروپ کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔ پولیس نے کہا کہ یہ صرف ایک افواہ تھی لیکن یہ ای میل کس نے کیا اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ سینئر پولیس حکام نے کہا کہ عدالتی کارروائی کی حساسیت کے پیش نظر معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ سائبر کرائم یونٹ اور انٹیلی جنس ایجنسیاں تحقیقات میں مدد کر رہی ہیں۔