سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے شوق میں ایک کم عمر لڑکے نے ریلوے ٹریک پر ایسا خطرناک اسٹنٹ کیا جس کو دیکھنے والوں کے دل دہل گئے۔جب سے دنیا میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا بخار چڑھا ہے تب سے ہر کوئی انوکھی ویڈیوز بنانا چاہتا ہے۔ لائیکس اور کمنٹس کے چکر میں بعض اوقات یہ ویڈیوز اتنی خطرناک ثابت ہوتی ہیں کہ اسٹنٹ کرنے والے کی جان بھی چلی جاتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خطرناک اسٹنٹ ریاست اڈیشہ میں ایک ریلوے ٹریک پر کیا۔ ایک نوعمر لڑکا ٹرین کی آمد سے قبل ریلوے ٹریک کے درمیان لکڑیوں کے پٹھوں کے ساتھ لیٹ گیا اور کچھ دیر میں ایک تیز رفتار ٹرین اس کے اوپر سے گزر گئی۔ اس سارے اسٹنٹ کی اس کے دوست نے ویڈیو بھی بنائی۔یہ منظر دیکھنے والوں کے دل دہل گئے۔ مقامی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور دونوں بچوں کے والدین کو تھانے طلب کر کے انہیں بچوں کو ایسی حرکتوں سے باز رکھنے کی تنبیہہ کی۔پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے لیے ایسے اسٹنٹ نہ کریں کہ جس میں ان کی جان جانے کا خطرہ ہو۔