ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا کے صدر ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران اے آر وائی نیوز کی جانب سے کیے جا نے والے سوال کہ مودی سرکار کہتی ہے کہ پاک بھارت جنگ رکوانے میں امریکا کے صدر ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں، سے متعلق امریکا کا کیا مؤقف ہے؟جس کے جواب میں ٹیمی بروس نے کہا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس ان مذاکرات میں شریک رہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آج بھی کہا ہے کہ ہم نے پاک بھارت جنگ رکوائی، ہر کوئی اپنی رائے دے دیتا ہے تاہم مذاکرات سے متعلق دیگر مؤقف غلط ہیں۔ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ لوگ اصل میں دیکھ سکتے ہیں کہ دنیا میں واقعی میں کیا ہورہا ہے، صدر ٹرمپ تمام معاملات کو شفاف اور واضح رکھے ہوئے ہیں اور دنیا جانتی ہے کہ صدر عالمی امن کیلئے کتنے متحرک ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے پارلیمانی کمیٹی برائے خارجہ امور کو بتایا تھا کہ پڑوسی ملک پاکستان سے جنگ بندی دوطرفہ فیصلہ تھا اور امریکہ کے صدر ٹرمپ نے اس میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تنازع ہمیشہ سے روایتی ہتھیاروں تک محدود ہے اور کبھی دونوں پڑوسی ملکوں نے ’ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا کوئی اشارہ‘ نہیں دیا۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ سیکریٹری خارجہ نے پارلیمنٹ کی کمیٹی کو ’آپریشن سندور‘ پر دوران بریفنگ کہا کہ دونوں ملک دوطرفہ طور پر سیزفائر کے سمجھوتے تک پہنچے۔