بہار میں اپوزیشن کے ’انڈیا اتحاد‘ نے الیکشن کمیشن کے اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) یعنی ووٹر لسٹ میں نظرثانی کی مہم کے خلاف ریاست گیر چکہ جام اور بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی، کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں، وی آئی پی پارٹی اور پپو یادو کی قیادت والی جن ادھیکار پارٹی سمیت مہاگٹھ بندھن کی تمام حلیف جماعتیں اس احتجاج میں شریک ہیں، جو انڈیا اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔ راہل گاندھی بھی آج پٹنہ پہنچ رہے ہیں اور وہ تیجسوی یادو کے ساتھ مل کر انکم ٹیکس گولمبر سے انتخابی دفتر تک مارچ کی قیادت کریں گے۔ہم یہاں بہار میں آج کے چکہ جام سے جڑی تمام اہم پیشرفت لمحہ بہ لمحہ آپ تک پہنچا رہے ہیں:ایس آئی آر کیا ہے، جس کے خلاف انڈیا اتحاد سراپا احتجاج ہے؟ایس آئی آر یعنی اسپیشل انٹینسیو ریویژن، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی ایک خصوصی جانچ ہے، جو اس وقت بہار میں چلائی جا رہی ہے۔ اس عمل میں ووٹروں کی شناخت کی دوبارہ تصدیق لی جا رہی ہے لیکن اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس میں ان لوگوں اور خاص کر دلت، مسلمان، آدیواسی، اور مہاجر مزدور کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے جنہوں نے 2024 میں ووٹ دیا تھا۔ اعتراض ہے کہ آدھار یا راشن/منریگا کارڈ جیسے عام شناختی دستاویزات بھی قبول نہیں کیے جا رہے ہیں، جبکہ نئے ضوابط کے تحت مقامی رہائش کا ثبوت بھی طلب کیا جا رہا ہے، حالانکہ مہاجر مزدور اپنی آمدورفت کی وجہ سے ایسی دستاویز فراہم نہیں کر پاتے۔ آر جے ڈی کے منوج جھا کا کہنا ہے کہ یہ منظم طریقہ سے ووٹروں کو ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کی کوشش ہے اور 20 فیصد تک مہاجر ووٹر اس عمل سے متاثر ہو سکتے ہیں۔راہل گاندھی پٹنہ روانہ، تیجسوی کے ساتھ مارچ کی قیادت کریں گےکانگریس لیڈر راہل گاندھی آج پٹنہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ بہار بند اور چکہ جام کی حمایت میں ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔ راہل گاندھی دہلی ایئرپورٹ سے پرواز کے ذریعے روانہ ہوئے اور ان کی آمد کے بعد وہ براہ راست آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ انکم ٹیکس گولمبر سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک پیدل مارچ کریں گے۔ راہل گاندھی ممکنہ طور پر حالیہ قتل کیس کے متاثرہ گوپال کھیمکا کے خاندان سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔گاندھی پل پر آر جے ڈی کارکنوں کا قبضہ، اہم ٹریفک متاثرپٹنہ کو حاجی پور، دربھنگہ، مظفرپور اور پورنیہ جیسے اضلاع سے جوڑنے والے مشہور گاندھی پل پر آج آر جے ڈی کارکنوں نے دھرنا دے کر پل کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ یہ پل قومی شاہراہ 19 کا حصہ ہے اور ہزاروں لوگوں کے لیے روزمرہ آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے۔ پل پر رکاوٹ کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔پٹنہ کے منیر میں ٹائر جلائے گئے، قومی شاہراہ 30 بندپٹنہ کے منیر حلقے میں واقع قومی شاہراہ 30 پر علی الصبح آر جے ڈی کارکنوں نے بہار بند کی حمایت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے سڑک کے بیچوں بیچ ٹائر جلا کر سڑک کو مکمل طور پر بلاک کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی ٹھپ ہو گئی۔ پولیس موقع پر پہنچی مگر مظاہرین نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین حکومت مخالف نعروں کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ ایس آئی آر مہم اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔#WATCH| Mahagathbandhan leaders burn tyres and block roads supporting 'Bihar Bandh' called by the alliance against the Special Intensive Revision (SIR) of the voter list in Bihar before the state Assembly Elections 2025. Visuals from the Maner Assembly stretch of National… pic.twitter.com/rKunRsczRb— ANI (@ANI) July 9, 2025جہان آباد میں ریل گاڑی روکی گئی، پٹنہ-گیا سروس متاثرجہان آباد کے کورٹ اسٹیشن پر مہاگٹھ بندھن کے حامیوں نے پٹنہ-گیا ریل سروس کو روک دیا۔ احتجاجیوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا اور گاڑی کے آگے کھڑے ہو کر اس کی روانگی کو روک دیا۔ ان کا الزام تھا کہ ایس آئی آر مہم کے تحت مخصوص علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جان بوجھ کر مہاگٹھ بندھن کے ووٹ بینک کو کمزور کیا جا رہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا کا سخت ردعمل، احتجاج کو 'غلط فہمی' قرار دیابہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا نے مہاگٹھ بندھن کے چکّا جام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ احتجاج غیر ضروری اور عوام کو گمراہ کرنے والا ہے۔‘‘ ان کے مطابق انتخابی فہرست میں بہتری کے لیے الیکشن کمیشن کی ایس آئی آر مہم ہر ووٹر کے حق کی حفاظت کے لیے ہے، نہ کہ کسی مخصوص ذات یا پارٹی کے خلاف۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن فرضی ووٹروں کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے تو حزبِ اختلاف کو اس پر اعتراض کیوں ہے؟