بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) اور آر جے ڈی سے اتحاد جیسے مسائل پر بہار اے آئی ایم آئی ایم صدر اختر الایمان نے ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ سے بات کی ہے۔ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ ایس آئی آر کرانے کا آپ کا آئینی حق ہے۔ لیکن 2025 کا اسمبلی انتخاب سر پر ہے اور ایسے میں ایس آئی آر کرانے کا یہ صحیح وقت نہیں ہے، بہار میں اس وقت بارش اور سیلاب ہے۔ آر جے ڈی سے اتحاد پر انہوں نے کہا کہ کئی دن ہو گئے لیٹر دیے ہوئے اب تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔اختر الایمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 2000 میں بھی ایس آئی آر ہوا تھا، لیکن اس وقت اسمبلی انتخاب میں 2 سے 3 سال کا فاصلہ تھا۔ یہ جلد بازی میں اٹھایا گیا قدم ہے، بہار کے بارے میں ان لوگوں کو صحیح علم نہیں ہے۔ ابھی جو پیدائش کا سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں، 2002 میں ایسا نہیں تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 2002 میں بہار میں صرف 3.7 فیصد لوگوں کے پاس پیدائش کا سرٹیفکیٹ تھا اور 2004 میں 11.5 فیصد لوگوں کے پاس پیدائش کا سرٹیفکیٹ تھا۔ ہم قومی شرح سے 45 فیصد کم ہیں، بہار میں گریجویٹ اور اندر گریجویٹ 14 فیصد سے کم ہیں۔ بہار میں پاسپورٹ صرف 2 فیصد لوگوں کے پاس ہے۔ پورے ملک میں مہاجر مزدوروں کی تعداد سب سے زیادہ بہار میں ہیں، اس میں سیمانچل کے لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اگر آپ ہریانہ اور پنجاب کے کھیتوں میں جائیں گے تو سب سے زیادہ 90 فیصد مزدور ہمارے بہار کے ہوں گے۔بہار میں آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد کے متعلق اختر الایمان نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ بہار میں جب سے فرقہ پرست حکومت آئی ہے، جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ لا اینڈ آرڈر نام کی کوئی چیز نہیں ہے، جرائم اور بدعنوانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے موجودہ حکومت کو روکنا ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کے لیے آر جے ڈی کے جانب اتحاد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میری فکر بہار اور اور اس کے مستقبل کے لیے تھی۔ لیٹر دیے ہوئے کئی دن ہو گئے، اب تک کوئی جواب نہیں آیا ہے۔ میرے پاس تیسرا محاذ پہلے بھی تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو سے اس بارے میں بات نہیں ہوئی ہے، ان کے دوسرے لیڈران سے بات ہوئی ہے۔اگر آر جے ڈی کا جواب نہیں آتا ہے تو کیا اکیلے انتخاب لڑیں گے اور کتنی سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے؟ اس سوال پر اختر الایمان نے کہا کہ ’’منزل کا مسافر سواری کے چھوٹ جانے پر رکتا نہیں ہے، دوسری سواری تلاش کر لیتا ہے۔ ہماری 100 سیٹوں پر تیاری ہے، کتنی سیٹوں پر لڑیں گے اس کا حتمی فیصلہ پارٹی کے صدر اویسی کو لینا ہے۔ ہم اکیلے نہیں ہیں، ہم تیسرے محاذ کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘