پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں معروف کاروباری گوپال کھیمکا کے قتل کیس کی تفتیش میں تیزی آ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، اس معاملہ میں شوٹر امیش کمار کو مالسلامی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی نشاندہی پر پولیس نے گنگا کنارے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیار بھی برآمد کیے ہیں۔ابتدائی تفتیش کے دوران، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ امیش کمار نے مالی تنگی کے باعث یہ قدم اٹھانے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس قتل کے پیچھے ایک لاکھ روپے کا مبینہ لین دین سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، پولیس نے امیش کی نشان دہی پر کوتوالی تھانے کے قریب واقع ادے گری اپارٹمنٹ کے فلیٹ نمبر 601 پر چھاپہ مارا، جہاں سے تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ کمرے کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔ سٹی ایس پی دیکشا نے بتایا کہ اس سلسلے میں کئی افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔معاملے میں پیش رفت کے بعد پولیس کے سینئر افسران کی جانب سے پریس کانفرنس متوقع ہے۔ اس کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر ریاستی پولیس کی اسپیشل ٹیم (ایس آئی ٹی) اور دیگر خفیہ یونٹس بھی فعال کر دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق، بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ونے کمار نے پیر کو میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پولیس ہر ممکن زاویے سے تفتیش کر رہی ہے اور بہت جلد کیس کو حل کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانکی پور کلب کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم بیک اپ ڈیٹا دستیاب نہ ہونے سے کچھ تکنیکی رکاوٹیں درپیش ہیں۔قابل ذکر ہے کہ جمعہ، 4 جولائی کی دیر رات رام غلام چوک (گاندھی میدان تھانہ حلقہ) میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے گوپال کھیمکا کو ہلاک کر دیا تھا۔ واردات کے بعد پولیس نے فوری طور پر ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی اور ہدایت دی گئی تھی کہ جلد از جلد معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے۔گوپال کھیمکا قتل معاملے کو لے کر ریاست میں سیاسی ردعمل بھی دیکھنے کو ملا ہے، بالخصوص نظم و نسق کی صورتحال پر مخلوط حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ تاہم فی الوقت تمام تفصیلات پولیس کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔