سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے حکومت پر بدعنوانی، بدحال بنیادی سہولیات اور تعلیمی نظام کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’اتر پردیش میں ترقی کے بجائے بدامنی اور گھوٹالوں کا ماحول ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ سڑک، تعلیم، روزگار اور سرمایہ کاری جیسے مسائل 2027 کے اسمبلی انتخاب میں اہم موضوعات بنیں گے اور عوام ان سوالوں پر حکومت سے جواب مانگے گی۔یوپی میں فرضی انکاؤنٹر کراتی ہے بی جے پی حکومت، ذات دیکھ کر چلتا ہے بلڈوزر: اکھلیش یادواتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ حکومت نے ریاست کو ترقی کے بجائے بدنامی دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے مختلف محکموں میں بدعنوانی اور لوٹ کھسوٹ عروج پر ہے، جس سے ریاست کی شبیہ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے آگرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سیاح تاریخی ورثے کو دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں، لیکن خراب سڑکیں اور بنیادی سہولیات کی صورتحال ریاست کے انتظامات پر سوال اٹھاتی ہے۔اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ سیاحت، ہوٹل، گائیڈ، ٹیکسی، ٹور آپریٹر، دستکاری، پیٹھا اور جوتوں کی صنعت جیسے شعبوں پر معاشی سستی کا اثر نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ناقص انفراسٹرکچر اور انتظامی نظام بھی سرمایہ کاری کے ماحول کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے مسائل کو بھی نمایاں طور پر اٹھایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی تعلیمی ادارے سے متعلق تعمیراتی یا انتظامی سطح پر کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے تو اس کی جوابدہی متعلقہ افسران اور محکموں کی بھی طے ہونی چاہیے۔ صرف اساتذہ یا اداروں کے خلاف کارروائی کرنا مسئلہ کا حل نہیں ہے۔سابق وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ حکومت تعلیم، اساتذہ اور طلبہ کے مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ سرکاری اسکولوں، بھرتی امتحانات، پیپر لیک، تشخیصی عمل اور مسابقتی امتحانات میں بے ضابطگیوں جیسے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم سے جڑے سوالات آنے والے انتخابی مباحثے کے مرکز میں رہیں گے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں تعلیم، روزگار، بنیادی ڈھانچے اور بدعنوانی سے جڑے مسائل پر بڑے پیمانے پر عوامی بحث ہو رہی ہے اور آنے والے وقت میں عوام انہی مسائل کی بنیاد پر سیاسی فیصلہ کرے گی۔