دنیا کی تمام فصلیں تباہ ہوجائیں تو لوگ کیا کھائیں گے؟

Wait 5 sec.

دنیا بھر کی فصلیں اگر کسی بھی وجہ سے تباہ ہو بھی جائیں تو قطب شمالی میں انسانیت کا خفیہ بیک اپ پلان موجود ہے جسے سوالبارڈ گلوبل سیڈ والٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی، جنگوں اور غذائی بحران کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر سائنسدانوں نے انسانیت کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک حیران کن انتظام کر رکھا ہے، جسے ’سیڈ والٹ‘ یا عالمی بیج بینک کہا جاتا ہے۔جی ہاں سیڈ والٹ کے نام سے زمین کے اندر ایک بہت بڑا اور انتہائی محفوظ زیرِ زمین تہہ خانہ ہے۔ اسے ناروے میں آرکٹک کے منجمد جزیرے ‘سوالبارڈ’ میں بنایا گیا ہے اس کا مقصد دنیا بھر کی فصلوں کے بیجوں (سیڈز) کو محفوظ رکھنا ہے، تاکہ کسی بھی عالمی تباہی، جنگ، موسمیاتی تبدیلی یا وبا کی صورت میں زراعت کا وجود ختم نہ ہوسکے۔یہ خفیہ فریزر قطب شمالی کے برفیلے پہاڑوں کے نیچے واقع ہے بظاہر یہ کسی سائنس فکشن فلم کے سیٹ جیسا دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقت میں یہاں دنیا بھر کی اہم فصلوں کے بیج محفوظ کیے گئے ہیں۔اس عالمی بیج بینک میں گندم، چاول اور دیگر زرعی اجناس کے لاکھوں بیج انتہائی محفوظ ماحول میں رکھے گئے ہیں تاکہ اگر کبھی دنیا میں فصلیں تباہ ہوجائیں تو دوبارہ زراعت بحال کی جاسکے۔ماہرین کے مطابق برف سے ڈھکی یہ جگہ قدرتی طور پر اتنی سرد ہے کہ بیج ہزاروں سال تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس والٹ کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا ہے کہ زلزلے، سیلاب حتیٰ کہ ایٹمی تباہی بھی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگرچہ بیک اپ منصوبے اہم ہیں، لیکن زمین کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تباہی سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔